محبوب نگر میں خواجہ فیاض الدین انور رکن وقف تحفظ و رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ رکن وقف تحفظ و رابطہ کمیٹی محبوب نگر نے ایک صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے لینڈ گرابرس کو اوقافی جائیدادوں پر قبضوں سے باز آجانے کا انتباہ دیا۔ انہوں ے کہا کہ ریونیو ریکارڈز میں اونچ نیچ کرتے ہوئے سروے نمبر 230 میں موجود 18 ایکڑ وقف کی اراضی پر چند لینڈ گرابرس غیر مجاز طریقہ سے قابض ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہائی کورٹ کو گمراہ کرتے ہوئے احکامات بھی حاصل کرچکے ہیں۔ وقف بورڈ نے ہائی کورٹ میں اپیل کی اور ضلع کلکٹر نے بھی پیشی کے ذریعہ ناجائز قابضین کو ریکارڈ پیش کرنے کو کہا۔ انور پاشاہ نے بتایا کہ ہم محکمہ جاتی طور پر اس اراضی کے تحفظ کے لئے کام کررہے ہیں۔ لیکن اگر کوئی قبضہ کی کوشش کرے گا تو اس کو بھیانک نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اگر وقف بورڈ اس اراضی کے تحفظ میں کامیاب ہوتا ہے تو ٹھیک ہے۔ بصورت دیگر ہم کو عوامی تحریک بھی شروع کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے امتا پور موضع میں موجود وقف اراضی کے تحفظ کا بھی اعلان کیا۔ محمد محسن خان کنوینر کل جماعتی قائدین رابطہ کمیٹی نے واضح کیا کہ ناجائز قبضہ کی ہر ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ اس موقع پر حافظ ادریس، ابراہیم قادری، مصباح الدین چھوٹن و دیگر موجود تھے۔