صدر نشین وقف بورڈ کا انسپکٹرس و کلکٹرس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔24۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست کے تمام اضلاع کے کرایہ داروں اور ان کے بقایاجات‘ کمیٹیوں کے زیر التواء رپورٹس ‘ تولیت کے معاملات کے علاوہ ضلعی اساس پر اوقافی جائیدادوں کی تمام تفصیلات بشمول مقدمات کے سلسلہ میں اندرون 15یوم رپورٹ تیار کرتے ہوئے وقف بورڈ میں پیش کی جائے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے آج وقف بورڈ کے تمام انسپکٹرس اور کلکٹرس کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے متعلق تفصیلی رپورٹ وقف بورڈ میں پیش کریں تاکہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے صیانت اوقاف کے اقدامات کئے جاسکیں اور عدالتو ںمیں زیر دوراں مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے متعلق فیصلہ کیا جاسکے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے اجلاس کے دوران موجود انسپکٹرس اور کلکٹرس کے مسائل سے آگہی حاصل کرنے کے بعد انہیں حل کرنے کے سلسلہ میں ممکنہ اقدامات کا تیقن دیا اور کہا کہ دیانتداری کے ساتھ کام نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی میں وہ کسی بھی طرح کی جھجک محسوس نہیں کریں گے اور جو اپنے کام کے متعلق سنجیدہ ہیں ان کی ستائش اور ان کی خدمات سے بورڈ کے استفادہ کو بہتر بنانے میں بھی کوئی کسر نہیںرکھی جائے گی۔ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے آن لائن کرایوں کی وصولی کے فیصلہ کے بعد پیدا شدہ مسائل کے متعلق آگہی حاصل کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے ہدایت دی کہ جن کرایہ داروں کے کرایہ 1000 تا 1500 روپئے کے درمیان ہیں ان کی شخصی طور پر وصولی کو یقینی بنائیں کیونکہ اگر ان کی جانب سے کرایہ ادا نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں وقف بورڈ کو حاصل ہونے والی آمدنی میں گراوٹ کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق صدرنشین وقف بورڈ نے ضلع واری اساس پر عدالتوں میں زیر دوراں اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کی مکمل فہرست تیار کرتے ہوئے بورڈ کے آئندہ اجلاس سے قبل پیش کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس معاملہ میں کوتاہی کی جاتی ہے تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد منعقدہ بورڈ کے پہلے اجلاس میں ارکان بورڈ اور صدرنشین نے عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی تھی کہ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عدالتوں میں زیردوراں مقدمات کی تفصیلات بورڈ کے اجلاس میں پیش کی جائیں لیکن اجلاس میں یہ تفصیلات پیش نہ کئے جانے پر ارکان نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں مقدمات کی تفصیل اور ان مقدمات میں پیروی کرنے والوں کے متعلق تمام ریکارڈس کی پیشکشی کی ہدایت دی تھی۔ بتایاجاتا ہے کہ صدرنشین کی جانب سے آج منعقد کئے گئے اجلاس کا مقصد صیانت اوقاف اور عدالتوں میں زیر التواء مقدمات میں کامیابی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کی تیاری کرنا ہے۔ م