صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مساعی
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقوں میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے 29 فروری کو حج ہاؤز میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ سائبر آباد اور رچہ کنٹہ کے کمشنر آف پولیس کے علاوہ کلکٹر رنگا ریڈی کو اجلاس میں مدعو کیا گیا ۔ ریونیو میونسپل کارپوریشن ، پولیس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ مضافاتی علاقوں میں حالیہ دورہ کے موقع پر اوقافی اراضیات پر ناجائز قبضوںکا پتہ چلا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے تحفظ کے اقدامات کے باوجود سیاسی سرپرستی یا عدالت کا سہارا لے کر غیر مجاز قابضین اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں پولیس اور ریونیو کا تعاون ضروری ہے، لہذا اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔