حیدرآباد : تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے حکومت نے ڈی ایس پی رتبہ کے پولیس عہدیدار کی خدمات تلنگانہ وقف بورڈ کے حوالہ کی ہے ۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے سید خواجہ معین الدین ڈی ایس پی تلنگانہ جنکو کا تبادلہ کرکے ان کی خدمات چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کے حوالے کی ۔ خواجہ معین الدین کو فوری رپورٹ کرنے ہدایت دی گئی ۔ وہ شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ خواجہ معین الدین نے آج صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم سے ملاقات کی اور تبادلہ کے احکامات حوالے کئے ۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے وقف بورڈ نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ عہدیداروں کی ٹیم کو الاٹ کیا جائے کیونکہ پولیس اور ریونیو کے تعاون کے بغیر تحفظ ممکن نہیں ہے ۔ محمد سلیم نے چہارشنبہ کو عہدیداروںکا اجلاس طلب کیا ہے۔