تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس، 15جولائی کو نظام آباد کا دورہ
حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدر نشین بی شنکر لوکے اور ارکان جی نوریا، ڈاکٹر وجیہ شراونتی، سردار سریندر سنگھ، بی کٹیا اور محمد عبدالعزیز نے شرکت کی۔ جی نوریا نے صدر نشین سے خواہش کی کہ کلکٹر نظام آباد کو پارسی آرام گھر کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر کی نمائندگی کریں تاکہ پارسی طبقہ کی اراضی ناجائز قبضہ سے محفوظ رہے۔ کمیشن نے 15 جولائی کو نظام آباد کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر نشین نے ارکان کو سالانہ رپورٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ اندرون ایک ہفتہ رپورٹ حکومت کو پیش کردی جائے گی۔ ورنگل میں کپڑے کے تاجر منان کی پولیس کی تحویل میں مشتبہ موت کا مسئلہ اجلاس میں زیر بحث رہا۔ اس سلسلہ میں تحقیقات کیلئے حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔ کسی آزادانہ ایجنسی سے تحقیقات کرتے ہوئے انصاف دلانے کی مانگ کی جائے گی۔ جی نوریا نے بی آر جے چینائی پارسی اسکول سکندرآباد کو فنڈز کی منظوری کیلئے حکومت سے نمائندگی کی خواہش کی۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود سے نمائندگی کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر جی ایچ ایم سی ، زونل کمشنر اور ریونیو حکام کو نوٹس جاری کی جائے تاکہ وقف اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کو یقینی بنایا جاسکے۔ کمیشن کے تمام ارکان نے شکایت کی کہ سرکاری تقاریب میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جارہی ہے اس سلسلہ میں حکومت سے خواہش کی جائے گی کہ ارکان کو ایم ایل ایز کی طرح اے کلاس وی آئی پی پاس جاری کیا جائے۔ ارکان نے ہر ماہ موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کارروائی کی تفصیلات پیش کرنے کی خواہش کی ۔
