اوقافی جائیدادوں کے سجادگان ، متولیان و ذمہ داران سے اپیل

   

گلبرگہ ۔2 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مولانا محمد نوح جنرل سیکرٹری انڈین یونین مسلم لیگ کرناٹک و صدر ضلع گلبرگہ نے اپنے صحافتی بیان میں وقف بورڈ میں تمام مساجد ، قبرستان ، عاشور خانہ اور درگا ہوں کے سجادگان متولیان اور ذمہ داران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 5 ڈسمبر 2025 تک اپنی وقف جائیدادوں کی تمام تفصیلات اُمید پورٹل میں درج کروائیں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھی اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف میں درج اپنی جائیدادوں کو اُمید پورٹل میں درج کروائیں. انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی جنرل سیکرٹری مولانا محمد نوح نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے ذمہ داران کی جانب سے اُمید پورٹل میں وقف جائیدادوں کو جس سنجیدگی کے ساتھ درج کیاجارہا ہے اس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ وقف افسران مرکزی حکومت کے اعلان پر اور ال انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر وقف جائیدادوں کے ذمہ داران کا ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے وقف جائیدادوں کو اُمید پورٹل میں درج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے ائمہ و خطیبان مساجد سے گزارش کی ہے کہ وہ نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں اس سلسلے میں عوام میں بیداری لائیں اور اُمید پورٹل میں وقف جائیدادوں کے اندراج کی آخری تاریخ سے بھی آگاہ کریں۔