اوقافی جائیدادوں کے مقدمات میں وکلاء خصوصی دلچسپی لیں

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت، بالاپور اراضی معاملہ میں سینئر کونسل پرکاش ریڈی کی خدمات

حیدرآباد۔21۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج اسٹانڈنگ کونسلس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اہم اوقافی جائیدادوں سے متعلق مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اہم مقدمات میں دیگر سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کیا جائے ۔ محمد سلیم نے اسٹانڈنگ کونسلس سے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ وہ صرف اپنی سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ ملی جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے مسلمانوں کی امانتوں کا تحفظ کریں۔ اسٹانڈنگ کونسلس فرحان اعظم ، صفی اللہ بیگ ، فاروق صلاح الدین ، محمد اقبال اور ایم اے مجید نے شرکت کی۔ محمد سلیم نے روشن الدولہ بالا پور کی اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے سینئر کونسل پرکاش ریڈی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محمد سلیم نے پرکاش ریڈی سے راست طورپر بات چیت کی جس پر انہوں نے وقف بورڈ کی پیروی سے اتفاق کیا۔ اس اراضی کے سلسلہ میں غیر مجاز قابضین نے حکم التواء حاصل کرلیا ہے ۔ وقف بورڈ نے آج غیر قانونی قابض کے خلاف سیکشن 54 کے تحت نوٹ جاری کی ہے۔ اجلاس میں مامڑپلی میں علی سعد عاشور خانہ کی اراضی کے تحفظ کا جائزہ لیا گیا ۔ اس اراضی پر ایک بااثر سیاستداں نے غیر مجاز تعمیرات کی ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے وکلاء سے کہا کہ وہ اراضی کے تحفظ کے لئے مقدمات میں خصوصی دلچسپی لیں۔ حفیظ پیٹ کی وقف اراضی کے علاوہ درگاہوں کے انتظامات میں ہراج کے امور پر بھی غور کیا گیا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ جہاں کہیں ضروری ہو، سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس جائیدادوں اور اراضیات کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید اور دیگر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔