اوقافی جائیدادوں کے مقدمات کی یکسوئی کیلئے سنجیدہ اقدامات

   

ماہرین قانون کی نگرانی میں جوابات کا ادخال ، صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ کا بیان
حیدرآباد۔5۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ مختلف عدالتوں میں زیر دوراں مقدمات کی یکسوئی کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کررہا ہے اور وکلاء کی ٹیم کے علاوہ ماہرین قانون کی ٹیموں کو متحرک رکھا گیا ہے ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے بتایا کہ ریاست بھر میں جن جائیدادوں پر مقدمات ہیں ان کی فہرست کی تیاری کرتے ہوئے ان میں ماہر وکلاء کو پیروی کی ذمہ داری دی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اہم اوقافی جائیدادوں کے مقدمات میں ماہرین قانون کی نگرانی میں جواب داخل کروائے جا رہے ہیں۔ جناب سید خواجہ معین الدین چیف اکزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ بورڈ کے شعبہ قانون کو مستحکم کرنے کے بعد سے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تیزی سے یکسوئی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جن مقدمات میں طویل عرصہ سے جواب تک داخل نہیں کئے گئے تھے ان مقدمات میں پیروی کو تیز کیا جانے لگا ہے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ بور ڈ اور محکمہ مال کے درمیان جاری مقدمات کے سلسلہ میں حکومت کو متوجہ کرواتے ہوئے عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کا بات چیت کے ذریعہ حل تلاش کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے مختلف محکمہ جات کے ساتھ طویل مدت سے جاری مقدمات کی فہرست کی تیاری کا جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ حکومت کو اس بات سے واقف کروایا جائے کہ عدالتوں میں وقف بورڈ کے ساتھ کن محکمہ جات کا تنازعہ ہے اور اس کی بیرون عدالت کس طرح سے یکسوئی کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کے محکمہ جات کے ساتھ جاری عدالتوں میں تنازعات کی یکسوئی کے سلسلہ میں متعدد اقدامات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے کیونکہ حکومت نے سابق میں آپسی مذاکرات کے ذریعہ مفاہمتی فارمولہ اختیار کرتے ہوئے سرکاری محکمہ جات کے درمیان جاری تنازعات کو بیرون عدالت حل کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ کا اعلان کیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس پر عمل آوری نہیں ہوپائی تھی۔ صدرنشین بورڈ نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ جاری مقدمات کی فہرست کی تیاری کے بعد اراکین بورڈ کے ہمراہ اس سلسلہ میں مشاورت کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو تفصیلات روانہ کی جائیں گی۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ وقف بورڈ کی کارکردگی میں بہتری کے لئے بنیادی طور پر شعبہ قانون کو مستحکم کیا جانا ضروری تھا اسی لئے وقف بورڈ کی جانب سے نئے اسٹینڈنگ کونسل اور ماہرین قانون کے تقرر کے ذریعہ زیر التواء مقدمات میں مؤثر پیروی کے اقدامات کئے گئے ہیں اور اب عدالتوں میں جاری مقدمات کی یکسوئی کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ مال کے عہدیدار موقوفہ جائیدادوں کے مقدمات کے متعلق مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی کے سلسلہ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں سرکاری محکمہ جات کے ساتھ جاری تنازعات کو حل میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔م