اولا ، اوبیر ڈرائیورس کی شکایتوں کا فوری ازالہ ، استحصال کو روکنا ضروری، کونڈا ویشویشور ریڈی ایم پی

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : اولا اینڈ اوبیر کیاب ڈرائیورس پر مشتمل تلنگانہ ڈرائیورس یکتا اسوسی ایشن کا ایک وفد اس کے صدر سید شاہنواز پاشاہ کی قیادت میں کونڈا ویشویشور ریڈی ایم پی چیوڑلہ سے ملاقات کی اور انہیں ان کے مسائل سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ مینجمنٹس کی جانب سے ان کا استحصال کیا جارہا ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ سے کی جارہی ان کی ہڑتال پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ جس پر مسٹر ویشویشور ریڈی نے کہا کہ اولا اینڈ اوبیر ڈرائیورس کی شکایتوں کا فوری طور پر ازالہ کیا جانا چاہئے اور ان کے استحصال پر روک لگانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے قبل ازیں اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے اور اگر موقع ملے تو اسے پھر اٹھائیں گے ۔ اور اس سلسلہ میں حکومت تلنگانہ اور مرکزی حکومت کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے اس جانب توجہ دلائیں گے اور اس مسئلہ کے حل کے لیے وزارت قانون امور وزارت لیبر سے نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کیاب ڈرائیورس کی ہڑتال سے شہر میں لوگوں کو کافی دشواری پیش آتی ہے اور انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس لیے حکومت کو اس جانب فوری توجہ دیتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنا چاہئے ۔۔