اولا اور اُوبر سے استفادہ کے لیے حکومت کا فیصلہ

   

آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے مسافرین کو دشواریوں سے بچانے کی کوشش
حیدرآباد۔4 اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں بس ہڑتال کے فیصلہ کے بعد OLA اور UBER کی خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ خانگی بسوں کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان دونوں کمپنیو ںکے ذمہ داروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنی خدمات کو وسعت دیتے ہوئے عوام کو ہونے والی امکانی دشواریوں سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔مسٹر سنیل شرما آئی اے ایس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ان کمپنیوں کے ذمہ داروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان سے یہ بھی خواہش کی گئی ہے کہ وہ ہڑتال کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں اور اس صورتحال میں دولت حاصل کرنے کیلئے کرایوں میں اضافہ سے گریز کریں۔انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے علاوہ ایم ایم ٹی ایس سے بھی اس بات کی خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں کیونکہ ہڑتال سے ہونے والی دشواریوں سے نمٹنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔