بنگلورو : ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے فارورڈر رمندیپ سنگھ کا خیال ہیکہ ٹوکیو اولمپکس کے پہلے مقابلہ میں بہتر کارکردگی سے ٹیم کو صحیح سمت اور رفتار ملے گی۔ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کو پول اے میں رکھا گیا ہے اور اس کے گروپ میں اولمپک چمپئن، ارجنٹینا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اسپین اور میزبان جاپان بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ٹوکیو اولمپکس میں 24 جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ راونڈ رابن مرحلہ کے اس مقابلہ میں ہندوستان کسی بھی قیمت پر کامیابی کا خواہاں ہے تاکہ اولمپکس کی مہم کو صحیح سمت گامزن کیا جاسکے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے رمندیپ نے کہا کہ بہت کچھ اس بات پر انحصار کرے گا کہ ہم پہلے میچ میں اس طرح کا نتیجہ حاصل کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھے نتیجہ سے ٹورنمنٹ کے باقی مقابلوں میں بھی ٹیم بہتر مظاہروں کی سمت گامزن ہوسکے گی۔ اولمپک کیلئے یہاں جاری قومی کوچنگ کیمپ میں حکام کھلاڑیوں کیلئے بین الاقوامی مقابلوں کا ماحول تیار کررہے ہیں جہاں کھلاڑیوں کے درمیان داخلی مقابلے ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم فی الحال اولمپک کی نقل کررہے ہیں جس کیلئے اولمپک کیلئے منتخب کور گروپ کے اندر ہی مختلف امتزاج والی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کے درمیان مقابلے ہورہے ہیں۔ کوچنگ عملہ نے یہاں اولمپک کی طرح ماحول بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہندوستانی کٹ پہنتے ہیں جیسا کہ بین الاقوامی سطح پر کسی سخت حریف کے خلاف ہمیں مقابلہ کھیلنا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں ہم مقابلہ سے قبل قومی ترانے کیلئے بھی قطار میں کھڑے ہوجاتے ہیں۔ 2016ء ریو اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہنے والے فارورڈر رمندیپ نے کہا کہ اولمپک کور گروپ میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے اور ہم اولمپک کی طرح ہی اپنے مقابلوں کی تیاری کررہے ہیں۔