اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمس کیلئے درکار انفراسٹرکچر سہولتوں کی ہدایت

   

اسپورٹس انفراسٹرکچر پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، موجودہ اسٹیڈیمس کو بہتر بنانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ میں مستقبل میں اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمس کے انعقاد کے لئے تمام درکار اسپورٹس انفراسٹرکچر سہولتوں کو ترقی دیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قومی اور بین الاقوامی اسپورٹس مقابلوں کے انعقاد کیلئے حکومت بہتر سہولتیں فراہم کرے گی۔ ریونت ریڈی نے آج ریاست میں اسپورٹس انفراسٹرکچر پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں وزیر اسپورٹس وی سری ہری ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین شیوا سینا ریڈی ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹریز سرینواس راجو ، شیشادری ، اسپورٹس اتھاریٹی کے مینجنگ ڈائرکٹر سونی بالا دیوی اور ینگ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جی کشور نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں موجود اسٹیڈیمس کے مینٹننس اور موجودہ انفراسٹرکچر سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم ، لال بہادر اسٹیڈیم اور سرور نگر اسٹیڈیم کو مستقبل کی اسپورٹس ضرورتوں کی تکمیل کیلئے تیار کریں تاکہ کھلاڑیوں کے لئے ٹریننگ کیمپس اور مقابلے منعقد کئے جاسکیں۔ چیف منسٹر نے ینگ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی کی تمام بہتر سہولتوں کے ساتھ قیام کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں اسپورٹس یونیورسٹی کو ترقی دی جائے جس میں ایسے کھلاڑی تیار کئے جائیں جو اولمپکس مقابلوں میں مڈل حاصل کرسکیں۔ انہوں نے گچی باؤلی آؤٹ ڈور اسٹیڈیم کی تزئین نو کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور تجویز پیش کی کہ ریاست میں مزید انڈور اسٹیڈیمس ، یونیورسٹی کامپلکس ، ہاسٹل بلڈنگس اور اسپورٹس گراؤنڈس تیار کئے جائیں جہاں اسپورٹس کی درکار تمام سہولتیں موجود ہوں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سے قومی اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کو تیار کیا جائے گا۔1