ٹوکیو۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر کی کھیلوں کی عالمی فیڈریشنز نے اولمپکس اور پیرالمپکس گیمز کو ملتوی کرنے کے عالمی اولمپکس کمیٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ٹیبل ٹینس،ہاکی، فٹبال، ایتھلیکٹس، ویٹ لفٹگ، ریسلنگ ، کراٹے اور تائی کوانڈو کے حکام نے کہا ہے کہ اس مرحلے پرکھیل کا انعقاد انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہوتا۔ کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ٹوکیو اولمپکس گیمز کو ملتوی کر دیاگیا۔ یہ اعلان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی) اور ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی نے کیا۔ آسٹریلیا اور کینیڈا کے بعد امریکہ، نیوزی لینڈ اور کئی افریقی ملکوں کے علاوہ کورونا وائرس سے متاثر کچھ اسلامی ملکوں نے بھی کھیلوں میں اپنے دستے نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ اور جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبے کے درمیان وڈیو لنک رابطہ ہوا جس میں دیگر جاپانی حکام اور اولمپک کمیٹی کے عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد انہوں نے باہمی رضامندی سے گیمزکو ایک سال کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اور اولمپک کونسل آف ایشیا نے اس فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔ دونوں رہنماوں نے کورونا وائرس کے پھیلاو اور اولمپک 2020 کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اولمپک گیمز کو ایک سال کے لیے ملتوی کردینا چاہیے۔ تاہم اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اولمپک مشعل جاپان میں ہی رہے گی
اور گیمز کا نام ٹوکیو اولمپک 2020 ہی رہے گا۔ کوشش کی جائے گی کہ مقابلے 2021کے موسم گرما سے پہلے ہی مکمل ہوجائیں۔ ٹوکیو اولمپکس 24 جولائی سے9اگست تک ہونے تھے۔ وڈیوکال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے ان کھیلوں کو ملتوی کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، اولمپکس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھیلوںکو ملتوی کیا گیا ہے۔ اس سے قبل تین مرتبہ اولمپکس منسوخ ہو چکے ہیں۔ 1916میں پہلی جنگ عظیم ، 1940 اور 1944میں دوسری عالمی جنگ کے باعث مقابلے منسوخ ہوئے تھے۔ واضح رہے چین سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا 160 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے جس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اس سے17 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اولمپکس گیمز کے التواء سے قبل انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی نے اپنے تمام ارکان سے اس حوالے سے تجاویز مانگی تھی ،19مارچ سے تمام ملکوں نے ان کھیلوں کے بارے میں رائے عالمی تنظیم کو بھیجی ہے۔انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کو بعض ملکوں نے ان کھیلوں کو اپریل تک ملتوی کرنے کی تجویز دی تھی جبکہ کئی اسلامی ملکوں کا موقف ہے کہ اپریل میں رمضان المبارک کی وجہ سے ان کے کھلاڑیوں کوگیمز کے دوران مشکلات کا سامنا ہوگا۔ آئی او سی نے کہا ہے کہ اولمپکس گیمز کے التواء کے باوجود 2024کے اولمپکس گیمز پیرس فرانس میں26جولائی سے11اگست تک ہوں گے۔ قبل ازیں انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے ٹوکیو اولمپکس گیمز کے میزبان جاپان کے اولمپکس حکام کے ساتھ ٹیلی فونک کانفرنس کی جس میں موجودہ صورت حال پرتفصیلی بات چیت کی گئی تھی، اس بات چیت میں جاپانی حکام نے اولمپکس گیمز کی تیاری اور اس کے لئے کئے گئے انتظامات جس میں صحت عامہ جیسے فیصلے بھی شامل ہیں۔ آئی او سی کے سربراہ کو آگاہ کیا۔اولمپکس کے ملتوی ہونے سے جہاں جاپان کو کوڑہا ڈالرس کا نقصان ہوا ہے وہیں ان میں مایوسی بھی پائی جاتی ہے۔