اولمپکس میں بین الاقوامی شائقین کی شرکت پر پابندی

   

ٹوکیو : جاپان نے کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے سبب رواں سال منعقد شدنی ٹوکیو اولمپکس اور پیرا لمپکس میں غیرملکی شائقین کی شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اولمپکس منتظمین کی جانب سے آج ہفتہ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بیرون ملک رہنے والے ٹکٹ ہولڈرز کی وضاحت کیلئے جاپانی حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بین الاقوامی شائقین اولمپکس اور پیرالمپکس کے موقع پر جاپان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اور انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی جاپان کے اس فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہوئے اسے تسلیم کرتی ہے۔ حکام نے اولمپک اور پیرالمپک کمیٹیوں کو بتایا کہ بیرونی شائقین کے ملک میں داخلے کی یقین دہانی کرانا مشکل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اعلان پر اب ٹکٹ لینے والوں کیلئے صورتحال واضح ہو جائے گی، تمام شرکاء اور جاپانی عوام کیلئے گیمز کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔