اولمپکس پرکورونا کے بادل

   

ٹوکیو ۔ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی کو ہورہا ہے اور جیسے جیسے کھیلوں کا عالمی میلہ سجنے کے دن قریب آرہے ہیں ویسے ہی کورونا وائرس کے حملوں میں بھی شدت آتی جارہی ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والی میکسیکو کی بیس بال ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹسٹ مثبت آگیا۔ میکسیکو کے بیس بال حکام نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے لئے روانہ ہونے سے کچھ دن قبل ہی دوکھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں ہیکٹر ویلزکوز اور سیمی سولیس کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد سے ہی ان کو قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ باقی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کویڈ معائنہ کے نتائج ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔لیبارٹری سے ٹیم مینجمنٹ اور دیگر ارکان کے کورونا ٹسٹ کی رپورٹ آنے تک تمام افراد اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں۔اولمپکس کے آغاز میں چند روز باقی ہیں جبکہ اب تک 4 کھلاڑیوں اور ایک تجزیہ نگار میںکورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ترجمان ٹوکیو اولمپکس نے کہا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کورونا ٹسٹ کئے گئے ہیں جن میں صرف 61 مثبت معاملے رپورٹ ہوئے ہیں، ہمیں اس سے کہیں زیادہ کی امید تھی، اولمپکس ولیج مکمل طور پر محفوظ ہے۔خیال رہے کہ ایتھلیٹس ولیج مثبت معاملات میں دو جنوبی افریقی فٹبالر، چیک جمہوریہ کی بیچ والی بال پلیئر اور ایک امریکی خاتون ایتھلیٹ شامل ہیں۔صدر آئی او سی تھوماس باخ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹوکیو گیمز سے قبل کوروناوائرس کے حملوں میں تیزی آگئی جب کہ امریکی جمناسٹ سمیت مزید نئے معاملات سامنے آتے جارہے ہیں ۔قبل ازیں گزشتہ روز بھی نئے معاملات سامنے آئے،ان میں ایک امریکی جمناسٹک ٹیم کا متبادل کھلاڑی بھی ہیت،گیمز سے متعلق عہدیدار، کوریج کیلیے ٹوکیو پہنچ کر14 روز کا قرنطینہ کرنے والے ایک صحافی بھی وائرس سے متاثر ہیں، ایک مثبت معاملہ کنٹریکٹر کا ہے۔علاوہ ازیں صرف اتوارکو 10نئے معاملات سامنے آئے تھے اور 3 میں سے 2 ایتھلیٹس اولمپک ویلج میں مقیم تھے وہ جنوبی افریقہ کے فٹبالر ہیں۔ تاہم منتظمین نے شناخت ظاہرنہیں کی گئی تاہم جنوبی افریقی فٹبال اسوسی ایشن کے مطابق ان کے نام تھابیسو مونیانے اورکموہیلو ماہلیٹسی ہیں۔ تیسرا ایتھلیٹ ہوٹل میں مقیم تھا، اس کی شناخت نہیں بتائی گئی۔ اسی طرح آئی او سی پناہ گزین اولمپک ٹیم کے ایک رکن کا بھی ٹسٹ مثبت آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے 6 ایتھلیٹس او 2 ٹیم ارکان بھی جہاز پر ایک متاثرہ مسافرکے ساتھ سفرکرنے کی وجہ سے قرنطینہ اختیار کرچکے ہیں، مذکورہ مسافرکا جاپان پہنچنے کے بعد کورونا وائرس ٹسٹ مثبت آیا تھا۔دوسری جانب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے گیمز آپریشن ڈائریکٹر پائیرے ڈوسیرے نے کہاکہ فی الحال گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، صورتحال مکمل طور پرکنٹرول میں ہے، تمام ایتھلیٹس اورعملہ کا باقاعدگی سے معائنہ ہورہا ہے،ہم کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی صلاحیت رکھتے ہیں، گیمز کے محفوظ ترین انعقاد کیلیے تمام تر ضروری اقدامات کرلیے گئے ہیں۔