اولمپکس کے آغاز سے عین قبل فرانس کی ریل خدمات پر حملہ

   

پیرس ۔ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل فرانس کی ریل خدمات میں خلل پڑا ہے۔ فرانس کے نیشنل ریل آپریٹر ایس این سی ایف نے بتایا ہے کہ اس کے تیز رفتار ریل نیٹ ورک میں توڑ پھوڑکے کئی واقعات پیش آئے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ٹرین خدمات متاثر ہوئی۔ فرانسیسی ٹرین آپریٹرکمپنی ایس این سی ایف نے اولمپک کی افتتاحی تقریب سے چند گھنٹے قبل خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو واقعہ سے آگاہ کیا ہے۔ ایس این سی ایف نے کہا ہے کہ فرانس کے تیز رفتار ریل نیٹ ورک پر آتشزدگی سے حملہ کیا گیا۔ جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا پورا نظام ناکارہ ہوگیا۔ معلومات کے مطابق فرانس کے مغربی، شمالی اور مشرقی علاقوں کی ریلوے لائنیں متاثر ہوئی ہیں۔ جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی ٹرینیں بلکہ چینل ٹنل کے ذریعے پڑوسی ممالک بیلجیم اور لندن جانے والی ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ معلومات کے مطابق اس توڑ پھوڑ اور آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کو ٹھیک کرنے میں کم از کم اتوار تک کا وقت لگ سکتا ہے۔