اولمپکس کے علاوہ تمام قومی ٹریننگ کیمپس معطل

   

نئی دہلی ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس کی وجہ سے قومی سطح پر منعقد ہورہے تمام کیمپس کو ملتوی کردیا گیا ہے لیکن اولمپکس کی تیاریوں کیلئے جو کیمپس منعقد ہورہے ہیں انہیں بدستور جاری رکھا گیا ہے۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کی جانب سے موصولہ خبر میں وضاحت کی گئی ہیکہ قومی سطح پر چل رہے تمام کیمپس میں جو کھلاڑی ٹریننگ میں مصروف تھے انہیں گھر واپسی کیلئے تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وزیرکھیل کرن رجیجو نے کہا ہیکہ نیشنل سنٹر آف ایکسلنس اور اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے مراکز پر جو ٹریننگ کیمپس چل رہے ہیں انہیں معطل کردیا گیا ہے جبکہ جولائی ۔ اگست میں منعقد شدنی اولمپکس کیلئے جو تیاریاں ہورہی ہیں انہیں برقرار رکھا گیا ہے۔ رجیجو نے ٹوئیٹ کے ذریعہ کہا ہیکہ کوروناوائرس کی وجہ سے اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے فیصلہ کیا ہیکہ تمام قومی سطح کے کیمپس کو ملتوی کردیا جائے اور ان کیمپس میں جو کھلاڑی ٹریننگ میں مصروف ہیں ان کی گھر واپسی کے انتظامات کئے جائیں لیکن جو کھلاڑی اولمپکس کی تیاری میں مصروف ہیں وہ مصروفیات برقرار رہیں گی۔