گچی باؤلی میں ینگ انڈیا فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام
حیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست کی اسپورٹس پالیسی کا جائزہ لیا۔ حکومت کے مشیران ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، جتیندر ریڈی کے علاوہ محکمہ اسپورٹس اور اسپورٹس اتھاریٹی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گچی باؤلی اسٹیڈیم میں ینگ انڈیا فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے تاکہ تلنگانہ سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کو تیار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ انڈیا اکیڈیمی کے قیام کے ذریعہ تلنگانہ میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں موجود تمام بڑے اسٹیڈیمس کو ایک ہب کی شکل دی جانی چاہئے تاکہ ہر اسٹیڈیم میں نوجوانوں کو کھیل کود کی سہولتیں دستیاب رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکل یونیورسٹی بورڈ کی طرز پر اسپورٹس یونیورسٹی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بہترین مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوںکو حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی اور انعام کے بارے میں رپورٹ پیش کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 2036 اولمپکس پر ابھی سے توجہ مرکوز کی جائے تاکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی مختلف میدانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکیں۔ 1