تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات
حیدرآباد۔/8 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے الیکشن آفیسر تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن کو ہدایت دی ہے کہ اسوسی ایشن کے انتخابات میں آئی اے ایس عہدیدار جیش رنجن کے پرچہ نامزدگی کو قبول کرے۔ پرچہ نامزدگی کو جانچ کیلئے قبول کیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ درخواست گذار کا انتخاب موجودہ کیس کے نتیجہ پر منحصر رہے گا۔ انتخاب کی صورت میں عہدیدار کو حکومت ہند سے اجازت حاصل کرتے ہوئے عہدہ کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ جسٹس ٹی ونود کمار نے جیش رنجن پرنسپال سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا۔ جس میں انہوں نے الیکشن آفیسر کی جانب سے پرچہ نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔ درخواست گذار کے وکیل اشوک آنند کمار نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل بیاڈ منٹن اسوسی ایشن آف تلنگانہ کے ایکزیکیٹو ممبر ہیں اور اولمپک اسوسی ایشن کے صدر کے عہدہ کیلئے مقابلہ کے خواہاں ہیں۔ الیکشن آفیسر جسٹس بی چندر کمار ریٹائرڈ جج ہائی کورٹ نے آل انڈیا سرویس رول 1968 کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا۔