اولمپک مشعل ٹوکیو میں ہی رہے گی ،آئندہ سال 23 جولائی سے مقابلوںکا آغاز متوقع

   

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث جاریہ سال کھیلوں کا انعقاد ملتوی ، کھلاڑیوں میں مایوسی

ٹوکیو۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ٹوکیو اولمپک 2021 تک ملتوی کئے جا چکے ہیں لیکن جاپان پہنچ چکی اولمپک مشعل کی ایک ماہ تک فوکوشیما میں نمائش کی جائے گی جس کے بعد اسے ٹوکیو میں ہی رکھا جائے گا۔اولمپک مشعل یونان کے قدیم شہر ایتھنز سے گذشتہ 20 مارچ کو جاپان پہنچی تھی۔اولمپک مشعل کو اپریل میں فوکوشیما کے جے گاؤں میں نمائش کے لئے رکھا جائے گا۔ لیکن اس دوران کورونا وائرس سے احتیاط کا مکمل خیال رکھا جائے گا تاکہ اس خطرناک وائرس کا پھیلاؤ نہیں ہو سکے ۔اگر بھاری بھیڑ آتي ہے تو اس نمائش کو معطل کر دیا جائے گا۔مشعل کو فوکوشیما سے واپس ٹوکیو لایا جائے گا لیکن ٹوکیو منتظمین نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اسے کہاں رکھا جائے گا۔دوسری طرف ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین یوشرو موری نے کہا ہے کہ 2021 میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کے لئے اگلے ہفتے کے آخر تک نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا جبکہ اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اولمپک اگلے سال 23 جولائی سے شروع ہو سکتے ہیں اور ان کی اختتامی تقریب آٹھ اگست کو ہو سکتی ہے ۔ عالمی وبا بن چکے کرونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے گزشتہ ہفتے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے ٹوکیو اولمپکس کو 2021 تک ملتوی کر دیا تھا۔موری نے کہا کہ اولمپک کھیلوں کو2021 کے موسم گرما میں کرایا جانا ہے اور ایسے میں اسے جون سے ستمبر کے درمیان کیا جا سکتا ہے ۔ موری نے کہاکہ اگلے ہفتے کے آخر تک اس پر فیصلہ ہو جائے گا۔ اولمپک کھیلوں کے موسم گرما میں منعقد ہونا ہے اور ہم جون سے ستمبر کے درمیان اسے کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ آئی او سی اور جاپان آرگنائزر ٹوکیو اولمپک کے لئے اگلے سال جولائی میں افتتاحی تقریب کی تاریخ طے کرنے کے آخری مرحلے میں ہیں۔ جاپانی میڈیا کے مطابق افتتاحی تقریب 23 جولائی کو اور اختتامی تقریب آٹھ اگست کو ہو سکتی ہے جو اولمپک کے اصل پروگرام سے ایک دن پہلے کے دن ہیں۔ ٹوکیو اولمپک کو اس سال 24 جولائی سے شروع ہونا تھا اور اس کا اختتام نو اگست کو ہونا تھا۔اولمپک کے 124 سال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اولمپک ملتوی کیا گیا ہے ۔ اولمپک ملتوی کیا جانا جاپان کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے جس نے اس اولمپک میں 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔