اولمپک مشعل کی تقریب کو سادہ کرنے کا فیصلہ

   

ٹوکیو۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹوکیو اولمپک کے ضمن میں 20 مارچ کو جاپان پہنچنے والی اولمپک مشعل کے خیرمقدم کیلئے منعقد ہونے والی تقریب کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ دنیا کے کئی ممالک اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے پریشان ہیں۔ منتظمین کی کمیٹی کے صدر یوشیروموری نے کہا ہیکہ 140 بچوں کو جو پہلے 19 مارچ کو یونان روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اب ان بچوں کو اس سفر پر روانہ نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اولمپک مشعل کو یونان میں 12مارچ کو روشن کیا جائے گا اور وہ 20 مارچ کو جاپان پہنچے گی۔ مشعل کو ملک میں خیرمقدم کرنے کی تقریب کو سادگی سے منانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اولمپک مشعل کے چار ماہ طویل سفر کا 26 مارچ کو آغاز ہوگا جو 250 کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرنے کے بعد 24 جولائی کو ٹوکیو اسٹیڈیم میں پہنچے گی۔