حیدرآباد23 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جاپان کے صدر مقام ٹوکیو میں منعقد ہورہے 32 ویں اولمپک مقابلوں میں حصہ لے رہے تمام ہندوستانی کھلاڑیوں سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اولمپکس کو جس میں دنیا کے تمام ممالک حصہ لیتے ہیں ، کھیلوں کی قوس قزح سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے اس عالمی میلہ سے دنیا میں امن و ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے ۔ چیف منسٹر نے ہندوستانی کھلاڑیوں کے دستے کے حق میں ان مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ گولڈ اور دیگر میڈلس جیتنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ عالمی سطح پر ہندوستان کا نام خوب روشن ہو اور اس کی شہرت میں مزید اضافہ ہو ۔