اولمپک میں کامیابی کیلئے ذہنی طور پر مضبوط ہونا ضروری : ریڈ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے کوچ گراہم ریڈ کا خیال ہے کہ اولمپک میں جیت کیلئے دیگر تیاریوں کے ساتھ ساتھ ذہنی طور پر مضبوطی کا اہم کردار ہوگا۔ ہندوستانی مرد اور خاتون ہاکی ٹیم آئندہ سال آج سے ٹوکیو اولمپک میں اپنی مہم کی شروعات کریں گی۔ مرد ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اور 1992 ء کے بارسلونا اولمپک کے سلور تمغہ فاتح گراہم ریڈ نے کہا کہ اولمپک دنیا کی سب سے مشکل چیمپئن شپ ہے اس لئے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر اس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ ایک کھلاڑی کے طور پر سب بڑا چیلنج توجہ مرکوز کرنا ہے ۔ اولمپک کا پہلا میچ کئی طرح کے جذبات کے ساتھ آتا ہے ۔ جو کھلاڑی ان جذبات پر قابو رکھ کر کھیل پر توجہ مرکوز کرسکتا ہے وہ ہی آگے بڑھ سکتا ہے ۔ ریڈ نے کہا کہ اولمپک میں ذہنی طور پر مضبوطی کا اہم کردار ہوگا اور ہندوستانی کھلاڑیوں کے پاس مشکل حالات سے نمٹنے کی پیدائشی صلاحیت ہوتی ہے۔ خاتون ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شوارڈ مارینے نے کہا کہ ہم چیلنجنگ وقت میں رہ رہے ہیں جہاں ہمیں ہر قدم پر ایک وژن کی ضرورت ہوتی ہے ۔ مستقبل میں ہم نیشنل کیمپ میں لوٹنے اور ٹریننگ شروع کرنے کا انتظار کررہے ہیں۔ جب ایک مرتبہ ہمیں یہ پتہ چل جائے گا کہ ہم اولمپک کیلئے کب سے اپنی تیاریاں پھر شروع کرسکتے ہیں تب ہم آگے کا منصوبہ بنانے میں کامیاب ہوں گے ۔ دنیا کی چوتھے نمبر کی مرد ٹیم ہندوستان کا ٹوکیو اولمپک میں پہلا مقابلہ 24 جولائی کو دنیا کی آٹھویں نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ ہندوستان کی مرد ٹیم کو پول اے میں دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا، اولمپک چیمپئن ارجنٹینا، نویں نمبر کی ٹیم اسپین ، آٹھویں نمبر کی نیوزی لینڈ اور ایشیائی کھیلوں کے چیمپئن اور میزبان جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔ پول بی میں بیلجیئم ، ہالینڈ ، جرمنی، برطانیہ، کناڈا اور جنوبی افریقہ کو رکھا گیا ہے ۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ 25 جولائی کو آسٹریلیا سے ,27 جولائی کو اسپین سے ، 29 جولائی کو ارجنٹینا سے اور 30جولائی کو جاپان سے ہوگا۔ کوارٹرفائنل یکم اگست اور سیمی فائنل 3 اگست کو جبکہ کانسہ اور طلائی تمغہ کے میچ 5 اگست کو کھیلے جائیں گے ۔ہندوستانی خاتون ٹیم نے اولمپک میں اپنی مہم کی شروعات 24جولائی کو ہالینڈ کے خلاف مقابلہ سے کی۔ ہندوستانی ٹیم کو پول اے میں ہالینڈ، جرمنی ، آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں آسٹریلیا، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، اسپین، چین اور میزبان جاپان ہیں۔ ہندوستانی ٹیم 26 جولائی کو جرمنی سے ، 28جولائی کو برطانیہ سے ، 30جولائی کو آئرلینڈ سے اور 31 اگست کو جنوبی افریقہ سے کھیلے گی۔ کوارٹرفائنل 2 اگست، سیمی فائنل 4 اگست اور کانسہ اور طلائی تمغہ میچ 6 اگست کو کھیلے جائیں گے ۔