24 موبائیل یونٹس کی تشکیل، سومیش کمار کا اولڈ ایج ہوم ٹیکہ مرکز دورہ
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہاکہ اولڈ ایج ہوم میں رہنے والے ضعیف العمر افراد اور معذورین کیلئے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ٹیکہ اندازی کی مہم کو کامیاب بنایا جائے اور اولڈ ایج ہومس میں خصوصی مہم کے ذریعہ ویکسین کی خوراک دی جائے۔ چیف سکریٹری نے آج بنسی لال پیٹ میں اولڈ ایج ہوم کا دورہ کیا اور ٹیکہ اندازی کیلئے موبائیل ویانس کو جھنڈی دکھائی۔ 24 موبائیل میڈیکل یونٹس کو ضعیف العمر افراد اور معذورین کیلئے ٹیکہ اندازی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں اولڈ ایج ہومس میں رہنے والے افراد کا احاطہ کیا جائے گا۔ موبائیل یونٹس میں ڈاکٹر، فارماسسٹ اور اے اینڈ ایم شامل ہیں۔ چیف سکریٹری نے ٹیکہ اندازی مرکز کا معائنہ کیا جہاں ضعیف افراد کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اس کے لئے ہیلت انفرااسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کے علاوہ انسانی وسائل کو مستحکم کیا جارہا ہے۔ ہاسپٹل کی عمارتوں کی گنجائش میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ جوکھم والے زمروں کیلئے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 19 ڈائیگناسٹک سنٹرس اضلاع میں قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے یونین بینک آف انڈیا کے ریجنل آفس کوٹھی میں ٹیکہ اندازی سنٹر مرکز کا افتتاح کیا۔ اس مرکز میں بینک کے ملازمین اور ان کے افراد خاندان کو ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے بینک کے جنرل منیجر کبیر بھٹاچاریہ اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ سکریٹری ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر سید علی مرتضی رضوی، اسپیشل سکریٹری فینانس رونالڈ راس، سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال شریمتی دیویا، کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی، ڈائرکٹر بہبودی معذورین شریمتی شیلجا اور دوسرے موجود تھے۔