سسرالی مکان میں سرقہ کرنے والی بہو اور اس کے رشتہ دار گرفتار
حیدرآباد۔28 ۔ اکٹوبر (سیاست نیوز) بوئن پلی پولیس نے سرقہ کی سنگین واردات کا معاملہ حل کرتے ہوئے سسرالی مکان میں سرقہ کرنے والی بہو اور اس کے رشتہ داروں کو گرفتار کرتے ہوئے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو ٹی سرلہ ساکن روڈ نمبر 1 اولڈ بوئن پلی سے ایک شکایت درج کرائی جس میں کہا کہ ان کے مکان میں عدم موجو دگی کے دوران نامعلوم افراد نے دو کیلو سونا ، تین کیلو چاندی اور 18 لاکھ نقد رقم کا سرقہ کرلیا ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر بوئن پلی نے اس کیس کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ایک مقدمہ درج کرلیا اور علاقہ کی سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا لیکن کوئی سراغ حاصل نہیں ہوسکا۔ شبہ کی بنیاد پر پولیس نے درخواست گزار سرلہ کی بہو سوپریا کی تفتیش کے بعد حیرت انگیز انکشافات ہوئے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ سوپریا اور اس کے شوہر دھیرج کے ازدواجی تعلقات ٹھیک نہیں ہے اور وہ اپنے سسرالی مکان میں بہت کم دن گزارے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شوہر اور سسرالی رشتہ داروں سے انتقام لینے کی غرض سے سوپریا نے اپنے بڑے بھائی کے ساتوک، کے سرینواس اور اپنی ماں کے سنیتا کی مدد سے سسرالی مکان پہنچ کر الماری میں موجود دو کیلو سونے کے زیورات ، 6.5 کیلو چاندی اور ایک کار بھی سرقہ کرلیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرتے ہوئے انہیں سکندرآباد کورٹ میں پیش کیا اور بعد ازاں انہیں جیل بھیج دیا گیا۔