کورونا پازیٹو کیس پائے جانے پر حکام چوکس، ایک خاندان میں 10 افراد متاثر، عوام کو گھروں تک ضروری اشیاء کی سربراہی
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے پازیٹو کیس منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کی جانب سے ان علاقوں کی مکمل طور پر ناکہ بندی کرتے ہوئے انہیں نوانٹری زون میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ اولڈ ملک پیٹ میں ایک شخص سے دوسرے میں کورونا وائرس کی منتقلی کا معاملہ منظرعام پر آیا۔ دہلی میں نظام الدین مرکز سے واپس ہونے والے شخص کے ذریعہ ان کی شریک حیات پھر ان کے افراد خاندان میں وائرس کے پھیلاؤ کا ٹسٹ کے بعد علم ہوا ہے۔ ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے 10 افراد میں کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد مقامی افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ محکمہ صحت کے حکام نے بھی سخت چوکسی اختیار کرتے ہوئے اطراف و اکناف کے 700 خاندانوں کا ہیلت سروے کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک750 مکانات میں سروے کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔ 11 میڈیکل ٹیمیں اس کام میں مصروف ہیں۔ ایک خاندان میں 10 افراد کو کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد اولڈ ملک پیٹ کے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے نو انٹری زون کا اعلان کیا گیا۔ ملک پیٹ ریلوے اسٹیشن سے اولڈ ملک پیٹ جانے والے راستہ کو بیریکیٹس کے ذریعہ بند کردیا گیا ہے۔ اولڈ ملک پیٹ واٹر ٹینک تک موجود تمام علاقوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ میسکو اسکول سے ڈاکٹر اشوک کلینک تک اور دھوبی گھاٹ علاقہ کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ واحد نگر کے اطراف واکناف کے علاقوں میں بیرونی ممالک سے آنے والے 45 افراد کو کورنٹائن کیا گیا ہے اُن میں سے ایک کے ٹسٹ کے بارے میں غیر یقینی صورتحال ہے۔ حکام نے ان علاقوں کے 700 مکانات میں سروے کیلئے میڈیکل ٹیموں کو تشکیل دیا ہے جو مکانات میں موجود افراد اور ان کی صحت کے بارے میں تفصیلات اکٹھا کررہی ہے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر ان علاقوں کو بھی نوانٹری زون میں تبدیل کردیا گیا اور بیریکیٹس کے ذریعہ ناکہ بندی کردی گئی۔ ادارہ ملیہ میں موجود 54 افراد کو معائنہ کیلئے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ نوانٹری زون اعلان کئے گئے علاقوں کے عوام کو ضروری اشیاء اور ادویات مکانات تک سربراہ کرنے کیلئے دو نوڈل آفیسرس کا تقرر کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی ملک پیٹ سرکل 6 کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر قادری اور انجینئرنگ شعبہ کے ایکزیکیٹو انجینئر شیخ جمیل کو مقرر کیا گیا ۔ ان کے موبائیل نمبرات عوام کیلئے جاری کئے گئے تاکہ کسی ضرورت کی صورت میں ربط قائم کرسکیں۔
