اولڈ ملک پیٹ ڈیویژن میں آج رائے دہی، انتظامات مکمل

   

مقامی طورپر عام تعطیل ، ریٹرننگ آفیسر کی تبدیلی کا فیصلہ

حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اولڈ ملک پیٹ وارڈ 26 میں کل 3 ڈسمبر کو دوبارہ رائے دہی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے مبصرین کو متحرک کردیا ہے ۔ حلقہ میں سی پی آئی امیدوار کے انتخابی نشان کی بیالٹ پیپر میں تبدیلی کے بعد الیکشن کمیشن نے منگل کو رائے دہی منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ کیا ہے ۔ اولڈ ملک پیٹ ڈیویژن کے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں صبح 7 تا شام 6 بجے تک رائے دہی ہوگی اور رائے دہندگان کو بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی پر سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اولڈ ملک پیٹ کی رائے دہی کی تکمیل تک یعنی جمعرات کی شام 6 بجے تک تمام اگزٹ پولس پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسی دوران کلکٹر حیدرآباد سویتا موہنتی نے اولڈ ملک پیٹ ڈیویژن میں سرکاری اور خانگی اداروں کے لئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ڈیویژن کے تحت تمام سرکاری دفاتر ، مجالس مقامی کے ادارے ، تعلیمی ادارے اور خانگی اداروں کو عام تعطیل رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی انتخابی مہم یا عام جلسوں و جلوسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی صورت میں خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو قید اور جرمانہ کی صورت میں ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ وارڈ کے ریٹرننگ آفیسر کو تبدیل کرتے ہوئے نئے ریٹرننگ آفیسر کے تقرر کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے دن رائے دہی کے دوران سی پی آئی کے امیدوار نے بیالٹ پیپر میں اپنے نام کے آگے سی پی آئی کے بجائے سی پی ایم کے انتخابی نشان کی اشاعت پر اعتراض کیا تھا ۔ سی پی آئی قائدین نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جس کے بعد رائے دہی کا عمل روک کر 3 ڈسمبر کو سارے حلقہ میں دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ کیا گیا۔