اولڈ ملک پیٹ کنٹینمنٹ زون میں بند عوام کا اچانک احتجاج

   

بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور لا پرواہی کا الزام ۔ خواتین و بچوں کی مشکلات کا تذکرہ
حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ اولڈ ملک پیٹ کنٹینمنٹ زون میں آج اُس وقت ہلچل مچ گئی جب مقامی عوام نے ضروری اشیاء کی عدم دستیابی اور دیگر سہولتوں کے فقدان کے نتیجہ میں اچانک احتجاج شروع کردیا۔ پیر کی دوپہر عوام ہجوم کی شکل میں کنٹینمنٹ زون کیلئے نصب بیاریکٹس تک پہونچ گئے اور وہاں موجود نوڈل آفیسرس اور دیگر پولیس عہدیداروں سے بحث کی۔ عوام نے الزام عائد کیاکہ لاک ڈاؤن کے تحت اُنھیں مکانات میں رہنے پر مجبور کردیا گیا ہے اور کنٹینمنٹ زون میں اُنھیں سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ عوام نے جی ایچ ایم سی زونل کمشنر اور پولیس عہدیداروں سے بھی لاپرواہی پر سوال کیا۔ عوام نے کہاکہ اولڈ ملک پیٹ کو کنٹینمنٹ زون قرار دینے کے باوجود ضروری اشیاء اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہئے لیکن کنٹینمنٹ زون میں اُن پر توجہ نہیں دی جارہی جسکے نتیجہ میں خواتین اور بچے مسائل کا شکار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ادویات، کھانے پینے کی ضروری اشیاء اور دودھ کی عدم سربراہی سے کنٹینمنٹ ایریا کے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ اِس ضمن میں متعلقہ عہدیداروں کو فون پر توجہ مبذول کروائے جانے کے باوجود بھی کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ ہی مسائل کی سماعت کی جارہی ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر اِس علاقہ میں خصوصی توجہ دی جانی چاہئے تھی لیکن افطار سے عین قبل تک بھی میوہ جات فراہم نہیں کئے جارہے ہیں حالانکہ حکومت نے ہر ایک کنٹینمنٹ زون کو ایک نوڈل آفیسر کا تقرر کیا ہے تاکہ عوام سے رابطہ میں رہ کر اُن کے مسائل کی یکسوئی کرسکیں لیکن عوام نے کہاکہ اُن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور تمام راستے بند کرتے ہوئے اُنھیں قید میں رکھ دیا گیا ہے۔