اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل کرنے اور جھوٹ سے بچنے کی تلقین

   


قاضی پیٹ میں جلسہ سیرت اولیاء ۔مولانا سید شاہ بختیار بیابانی رفاعی القادری کا خطاب

ورنگل ۔ 25 نومبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حضرت علامہ مولانا سید شاہ بختیار بیابانی رفاعی القادری جانشین سجادہ نشین بارگاہ افضلیہؒ قاضی پیٹھ نے کہاکہ حضور ﷺ کی سیرت پر عمل کرنے سے ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ممکن ہے ۔حضور اقدس ﷺ تمام نبیوں کے سردار ہیں اور غوث اعظم دستگیر ؒ ولیوں کے سردار ہیں ۔امت مسلمہ محمد ﷺ کی سیرت پر عمل کریںہماری زندگی سنور جائے گی ۔انہوںنے مزید کہاکہ پیران پیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کا شمار امت کے اکابر مشائخ میں ہوتا ہے ۔اپنے عہد میں ان کی اصلاحی مساعی اور توحید و سنت کی طرف دعوت و ارشاد ایسا وصف ہے صدیوں تک بلکہ آج تک ان کے فیوض و برکات جاری ہیں ۔ہزاروں بندگان خدا کا اپنی مجرمانہ ،فاسقانہ زندگی سے تائب ہوکر صالح زندگی گزارنا ان کی سب سے بڑی کرامت ہے ۔انہوںنے مدرسہ منہاج القرآن بھٹ پلی قاضی پیٹ میں 39واں سالانہ فاتحہ حضرت عارف باللہ شاہ محمد شرف الدین عین اللہ شاہ بابا المعروف قاری عشرہ رفیق القراء محمد عبدالجبار قریشی چشتی القادری قلبہ ؒ و جلسہ سیرت اولیاء پروگرام میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کیا ۔اس پروگرام کی نگرانی حافظ و قاری محمد عبدالغفار قریشی ناظم مدرسہ منہاج القرآن نے کی ۔انہوںنے اپنے خطبہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہاکہ تمام لوگوں کو اولیاء کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔اولیاء کی تعلیمات اور بزرگوں کے احترام کو ناگزیر قرار دیا ۔انہوںنے کہاکہ پنجوقتہ نماز کی پابندی کریں ،جھوٹ سے پرہیز کریں ۔اور اپنے والدین کی خدمت کی جائے اور خدمت خلق کے کاموں کو انجام دیا جائے ۔ الحاج قاری شاہ بابا محمد فصیح الدین نظامی چشتی القادری نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے نیک بندوں اور اولیا ء کو نہ کسی کا ڈر ہے اور نہ کسی کا خوف ہے ۔انہوں نے بزرگوں کے راستہ کو اپنانے پر زور دیا ۔قاری ڈاکٹر سید محمد عزیز الدین قادری امام و خطیب جامعہ مسجد پرکال نے کہاکہ ہم سب کو صراط مستقیم پر چلنا چاہیے ۔پروگرام کا آغاز محمد ناصر جمالی استاد مدرسہ ہذا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔محمد منصور نے حمد باری تعالی پیش کیا جبکہ محمد یعقوب نے نعت پیش کیا ۔محمد ناصر جمالی نے نظامت کی ۔