یلاریڈی میں جلسہ عظمت اولیاء اﷲ سے مولانا سید عزیز اللہ قادری و دیگر کا خطاب
یلاریڈی ۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر کے آستانہ مبارک حضرت سید شاہ عباس شاہ ولی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس شریف کے ضمن میں 27 فبروری بروز منگل کی شب بعد نماز عشاء منعقدہ جلسہ عظمت اولیاء اﷲ کا آغاز قاری جناب سید خلیل اﷲ قادری کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔ جلسہ سے جناب محمد عبدالرشید نقشبندی و قادری نے خطاب کرتے ہوئے اولیاء اﷲ کے حیات مبارک پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اﷲ کے نیک بندوں سے متعلق اﷲ کے نزدیک عظمتوں کو بیان کیا اور کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے انسان کو ایک خاص مقصد کے لئے ہی دنیا میں پیدا کیا ہے اور دنیا کی ہر شئہ کو بنا مقصد کے تخلیق نہیں کی گئی بلکہ ہرچیز میں اﷲ کی قدرت ہے۔ انھوں نے مسلمانوں کو ہر لمحہ کامل مسلمان بن کر حیات بسر کرنے کو ہی تخلیق کا اہم مقصد بتایا ۔ سید شاہ عزیز اﷲ قادری سابق شیخ العقائد جامعہ نظامیہ نے اپنے صدارتی و خصوصی خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے دنیا کی ہر شئے میں اﷲ تعالیٰ کی قدرت کارفرما ہے ۔ اس کی مرضی کے بغیر کچھ ممکن نہیں ۔ اولیاء اﷲ کی کرامات بھی اﷲ کی مرضی و فضل و کرم سے ہی رونما ہوتے ہیں ۔ اور اﷲ کا جو قرب حاصل کرلیتے ہیں ایسے بندوں سے اﷲ ہمیشہ راضی رہتا ہے ۔ اﷲ رب العزت اپنی تمام بے پناہ قدرت کے باوجود دنیا سے کچھ ذریعہ بھی عطاء فرمایا ہے ۔ اور اولیائے اکرام بھی اﷲ کے چاہنے پر ہی نظر کرم فرماتے ہیں ۔ یہ اﷲ کی اپنی مرضی ہے ۔ کوئی ولی اﷲ خود اپنی ذات سے کچھ کرتے نہیں بلکہ اﷲ کی جانب سے ہی ولیوں کی کرامات رونما ہوا کرتیں ہیں اور اﷲ کے بغیر اُس کی مرضی کے بغیر اولیائے کرام کچھ بھی کرسکتے ہیں سمجھ لینا گمراہی ہوگی ۔ اولیاء اﷲ کے آستانوں سے ایمان کو تازہ رکھنے میں مدد ملتی ہے اور روحانی فیض حاصل ہوتا ہے ۔ سید شاہ عزیز اﷲ قادری نے اﷲ تعالیٰ کی بے پناہ قدرت پر روشنی ڈالی، رب کائنات کی طاقت کی تشریح کی اور کہا کہ ہر مدد و ہر کام میں اﷲ کی مرضی و مدد شامل رہتی ہے ۔ اس موقع پر خواجہ قطب الدین صابر گلشن ، محمد اعجاز احمد سرور ہاشمی ، ڈاکٹر محمد عبدالسبحان جاوید ، سید اعجاز ، احمد رضا ، محمد مقبول احمد خان انوار نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اﷲ علیہ و سلم میں نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض جناب غلام شبیر علی ساگر نے انجام دیئے ۔ جلسہ رات دیر گئے سلام و دُعا کے بعد اختتام پر پہنچا ۔