اولیاء کے آستانے ، انسانیت کی فلاح و کامیابی کے مرکز

   

Ferty9 Clinic

جڑچرلہ میں عرس حضرت سید محمد عبدالوہاب شاہ ؒ سے علماء و مشائخین کا خطاب

حیدرآباد ۔/11 جولائی (راست) موضع کوتنے پلی، تعلقہ جڑچرلہ میں 78ویں عرس مبارک حضرت شاہ محمد عبدالوہاب قادری وچشتی ؒکی دو روزہ تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ 5ـ جولائی بعد نمازِ عشاء مولانا شاہ محمد عبدالرفیق جنیدی غوثوی (متولی درگاہ ) نے مراسم صندل انجام دئیے بعدہ ‘ جلسہ فیضانِ اولیاء منعقد ہوا ۔ 6جولائی کو جشن چراغاں ، میلاد شریف اور تقسیم تبرکات عمل میں آیا۔قاضی سید غوث محی الدین قادری چشتی (صدر قاضی ضلع محبوب نگر) نے جلسہ فیضان اولیاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی دنیا میں ظلم و بربریت بڑھ جاتی ہے اور انسانیت گمراہی کا شکار ہوتی ہے تو رب تعالیٰ اپنے محبوب بندوں کے ذریعہ انسانیت کو راہِ ہدایت کی تعلیم فرماتے ہیں ، اور ان کے ذریعہ ظلم و بربریت اور گمراہی کا خاتمہ فرماتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ کے انہی محبوب بندوں میں حضرت شاہ محمد عبدالوہاب قادری وچشتیؒ کا شمار بھی ہوتا ہے ۔جلسہ کا آغاز قاری محمدعقیل احمد جنیدی کی قرأت سے ہوا ، جناب حافظ محمد اشفاق نے ہدیہ نعت پیش کی ۔مولانا شاہ محمد عبدالرفیق جنیدی غوثوی نے مہمان علماء کرام و مشائخین عظام کے علاوہ تمام سیاسی شخصیات کا استقبال کیا ۔ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا غوث پاشاہ حطیم شرفی ، مولانا سلطان مرزائی ، ڈاکٹر سی ۔ شری لکشما ریڈی (ایم ایل اے جڑچرلہ)جناب محمد سجو پہلوان (سابق ممبر وقف بورڈ، محبوب نگر) ، شری گریدھر ریڈی صاحب ( دیشمکھ ) ،شری ستیش ریڈی ( ٹی آر ایس جوبلی ہلز انچارج ) ، شری نرسمہا (پنجہ گٹہ ) ، مولوی محمد مصطفیٰ شاہ قادری (ناگپور ) کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے دیگر مہمانوں نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر سی ۔ شری لکشما ریڈی (ٹی آر ایس ایم ایل اے جڑچرلہ)نے خطاب کرتے ہوئے درگاہ شریف کیلئے اپنے ایم ایل اے فنڈ سے 15لاکھ کے تعمیراتی کام جس میں سماع خانہ ، زائرین کی رہائش کیلئے ہال کی تعمیر ، اسٹور روم ، باتھ رومس ، الکٹریسٹی اور ٹرانسفرمر کی تنصیب کی منظوری کا اعلان کیا اور فاونڈیشن اسٹون کی رسم کشائی انجام دی نیز انہوں نے کہا کہ زائرین کیلئے مزید سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شاہ محمد عبدالرفیق جنیدی غوثوی (متولی و سجادہ نشین ) نے کہا کہ اولیاء اللہ کی حیات اور ان کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔ ہندوستان میں اسلام کی بقاء اولیا ء اللہ ہی کا نتیجہ ہے ۔ آپسی اتحاد ، ہندو مسلم بھائی چارگی صوفیہ کا مشن اور وطیرہ رہا ہے ہمارا کام ہے کہ اپنے بزرگانِ دین کی تعلیمات کو زندہ رکھ کر خود کو زندہ رکھیں اور زندگی تو خدا کی بندگی ہی کا نام ہے ۔ حضرت شاہ محمد عبدلوہاب چشتی ؒ ہمیشہ ہی بھٹکی ہوئی انسانیت کو صراط مستقیم پر گامزن کرتے رہے ہیں۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام بحضور خیر الانام ؐ کے ساتھ جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ محمد عبدالرؤف شاہ قادری چشتی ، شاہ محمد زین العابدین جنیدی ، مولوی احمد شاہ ، مولوی محمد اسمٰعیل شاہ ، محمد عبدالغفور ، محمد عبدالکمال جنیدی ، محمد عبدالرحیم ، محمد نعیم ، جناب محمد صابر ، محمد عابد ، محمد چاند پاشاہ ، ایم ۔ مہیش ، نے عرس کے بہتر انتظامات انجام دئیے ۔ محمد سجاد علی جنیدی ، سید عمران ہاشمی ، محمد عقیل احمد جنیدی ، محمد عزیز احمد جنیدی ، محمد عبدالحق جنیدی نے مہمانوں اور معتقدین و زائرین کا شکریہ ادا کیا۔