اولیاء کے مزارات، ہندوستانی مسلمانوں کی وطنیت کا ثبوت

   

سی اے اے اور این آر سی کی شدید مخالفت، جلسہ فیضان غوث اعظمؒ سے مولانا سید شجاعت علی اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( راست ) اللہ تعالیٰ نے الشیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کو غوث الثقلین ، غوث العالمین اور غوث اعظم کے منصب پر فائز فرمایا ہے اس لئے ساری اسلامی دنیا علمائے حق صوفیائے باصفا اولیائے کاملین حضور غوث الوریٰ کو اپنا امام اپنا دستگیر تسلیم کرتے ہیں۔ ہندوستان، اولیائے کاملین کی درگاہوں سے معمور ہے، ہر جگہ اولیائے اللہ غوث و خواجہ کے مریدوں نے اپنے اخلاق عالی تصرف روحانی کرامات و تعلیمات سے اسلامی جھنڈوں کو نصب فرمایا ہے۔ کُل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ فیضاان غوث اعظم ؒ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شجاعت علی سراج قادری نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانانے ہندوستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں CAA اور NRC کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا اظہار خیال کیا اور کہا کہ مجلس اہل سنت و جماعت CAA اور NRC کی شدید مخالفت کرتی ہے اور ان تمام لوگوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے جو اس مذموم قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ہندوستان مسلمانوں کا ملک ہے، ہندوستان پر مسلمانوں کا اتنا ہی حق ہے جتنا دیگر مذاہب والوں کا ہے۔ ہندوستان کے اجمیر شریف میں حضور خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز ؒکی درگاہ مقدس، گلبرگہ میں حضور بندہ نواز ؒ کی درگاہ عالی، حیدرآباد میں حضرت بابا شریف الدین سہروردیؒ کی درگاہ اور حضرت یوسف بابا ؒ ، حضرت شریف بابا ؒ کے آستانے اسی طرح ہندوستان بھر میں اولیاء اللہ کے مزارات، مسلمانوں کے قبرستان، مسلمانوں کے آباء و اجداد کی قبریں، ہندوستان میں مسلمانوں کی قدیم شہریت وطنیت اور ہندوستان کے ساتھ وفاداری کا بولتا ثبوت ہیں۔ مسلمانوں نے بھی تحریک آزادی کے لئے اپنا خون بہایا۔ ہندوستان کو آزادی دلائی ، اپنے ابنائے وطن کو امن و سلامتی عطا کی ہے۔ اس جلسہ سے مولانا سید عبدالواسع نقشبندی، مولانا حافظ و قاری محمد امجد نقشبندی، جناب مرزا شاہنواز بیگ قادری ایڈوکیٹ اور جناب عبدالمتین قادری نے مخاطب کیا۔ آخر میں صلوۃ و سلام ، فاتحہ و دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ بعد نماز ظہر طعام تبرک کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔