اولیاء کے مزارات کی زیارت سے آخرت کا احساس

   

غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش ، یلاریڈی میں عرس کے موقع پر جلسہ ، مولانا سید عزیز اللہ قادری کا خطاب
یلاریڈی 16۔ فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی کے ولی اللہ حضرت سید شاہ عباس شاہ ولی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس شریف کے ضمن میں محفل چراغاں کے موقع پر جلسہ عظمت اولیاء اللہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جسکا آغاز قاری سید خلیل اللہ قادری کامل جامعہ نظامیہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ حمد کا نذرانہ ڈاکٹر جناب محمد عبدالسبحان جاوید نے پیش کیا مہمان خصوصی مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری سابق شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ حیدرآباد متوطن یلاریڈی نے اپنے خطاب میں بزرگان دین کے مزارات کی زیارت سے متعلق مستند طریقہ سے ٹھوس دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کو معبود سمجھ کر نہیں بلکہ اللہ کے محبوپ بندے سمجھ کر بزرگان دین کے مزارات کی زیارت کرتے ہیں کہا اور اللہ کے ولیوں پر اللہ کا خاص فضل وکرم رہتا ہے جس سے مستفیض ہونے کی غرض سے بھی بزرگان دین کے آستانوں پر حاضری دیتے ہیں۔ اور اللہ کے ولیوں کے آستانوں پر حاضری سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے زیارت بزرگان دین پر علمی دلائل پیش کرتے ہوئے اسے خوش قسمتی بتایا اللہ کے دوستوں کے مزارات پر جانے سے اپنی آخرت اور اپنی اس منزل کا بھی احساس پیدا ہونا انسان کی فطرت میں شامل ہے جس سے تکبر والی کیفیت بھی دور ہوتی ہے اور اعمال کو درست کرنے کا مزاج پیدا ہوتا ہے اور اپنی آخرت کی فکر پیدا ہوتی ہے بزرگان دین اپنی زندگی میں اللہ کے فضل وکرم سے اپنے فیضان سے اللہ کی مخلوق کو مستفید کرتے تھے اور دنیا سے پردہ کرنے کے بعد بھی اللہ اپنے محبوب بندوں کا یہ فیض جاری وساری رکھتاہے جس کو حاصل کرنے کی غرض سے ولیوں کے مزارات کی زیارت کرتے ہیں اللہ کے ولیوں کے مزارات کی زیارت محبوب بندے سمجھ کر کرنا درست ہے اور معبود سمجھ کر کرنا ہرگز درست نہیں۔ سید شاہ عزیز اللہ قادری نے اپنے خطاب سے بزرگان دین کے مزارات کی زیارت و عرس شریف کا انعقاد سے متعلق تمام غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے اللہ کے ولیوں کے مقام سے واقف کروایا۔ اس موقع پر جناب خواجہ قطب الدین صابر گلشنی۔ الحاج محمد اعجاز احمد مسرور ہاشمی۔ رئیس الرحمن قادری۔ سید عنایت اللہ قادری۔ محمد مقبول احمد خان انواری کاماریڈی۔ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جناب غلام شبیر علی ساگری نے انجام دئیے۔ جلسہ رات دیر گئے اعجاز احمد مسرور ہاشمی کے سلام پر اختتام کو پہنچا۔ آخر میں متولی درگاہ شریف جناب غلام محمد محمود علی شطاری القادری۔ سیداعجاز۔ محمد احمد رضاء نے تمام کا شکریہ ادا کیا۔