اومیکرون سے نمٹنے سفری پابندیوں میں مزید سختی ‘ مرکز کی نئی ہدایات

,

   

خطرہ کے ممالک سے آنے والوں کو دو ہفتوں کی سفری تفصیل پیش کرنی ہوگی ۔نگیٹیو رپورٹ اور 7 دن قرنطینہ لازمی

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے سفری پابندیوں میں مزید سختی پیدا کردی ہے اور ’ خطرہ ‘ والے ممالک سے آنے والے مسافرین کیلئے شرائط کو سخت کردیا ہے ۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق ان ممالک سے جہاں اس وائرس کا خطرہ ہے آنے والے مسافرین کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے 14 دن کی سفری تفصیل کے ساتھ کورونا کی منفی رپورٹ اپ لوڈ کریں۔ یہ رپورٹ بھی سفر سے 72 گھنٹے اندر کی ہونی چاہئے ۔ اس کے علاوہ ان ممالک سے آنے والے مسافرین کیلئے لازمی رہے گا کہ وہ ہندوستان آمد کے بعد 7 دن گھروں میں قرنطینہ رہیں۔ وزارت صحت نے نظرثانی شدہ سفری رہنما خطوط برائے بین الاقوامی مسافرین جاری کرتے ہوئے یہ تفصیل بتائی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مسافرین کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ آن لائین ائر سوویدھا پورٹل پر سیلف ڈیکلریشن پیش کریں جس میں گذشتہ دو ہفتوں کی سفری تفصیل پیش کریں۔ انہیں اپنی کورونا کی آر ٹی ۔ پی سی آر ٹسٹ رپورٹ بھی اپ لوڈ کرنی ہوگی ۔ یہ ٹسٹ اندرون 72 گھنٹے کیا گیا ہونا چاہئے ۔ کورونا ٹسٹ رپورٹ کے درست ہونے کا ایک ڈیکلریشن بھی پیش کرنا ہوگا ۔ رپورٹس میں الٹ پھیر کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جاسکتے ہیں۔ ان نئی شرائط پر یکم ڈسمبر سے عمل آوری ہوگی۔ حکومت نے 12 ممالک کو At Risk فہرست میں شامل کیا ہے اور ان سے آنے والے مسافرین کی ٹسٹنگاور اضافی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان مسافرین کو ہندوستان میں ائرپورٹ آمد کے بعد بھی کورونا ٹسٹ کروانا ہوگا اور رپورٹ کا ائرپورٹ پر ہی انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد ہی وہاں سے جانے یا کنکٹنگ فلائیٹ لینے کی اجازت رہے گی ۔ اگر ان کی رپورٹ منفی رہتی ہے تب بھی ان کیلئے 7 دن کا لازمی قرنطینہ رہے گا اور آٹھویں دن دوبارہ ٹسٹ ہوگا اور اگر وہ رپورٹ بھی منفی رہی تب انہیں مزید سات دن خود نگرانی کا ذمہ دیا جائیگا ۔ جن ممالک کو At Risk فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میںبرطانیہ ‘ جنوبی افریقہ ‘ برازیل ‘ بنگلہ دیش ‘ بوتسوانا ‘ چین ‘ ماریشس ‘ نیوزی لینڈ ‘ زمبابوے ‘ سنگاپور ‘ ہانگ کانگ اور اسرائیل شامل ہیں۔اگر ان ممالک سے آنے والے مسافرین میںاسکریننگ کے وقت علامات پائی جائیں تو انہیں فوری آئسولیشن میں لے جایا جائے گا اور دواخانہ سے رجوع کردیا جائے گا ۔ اگر ان کی رپورٹ منفی رہی تو ان کے نمونوں کو مزید معائنوں اور جائزہ کیلئے بھی بھیجا جائے گا ۔ پھر ان مسافرین کو دوسرے مرکز کو روانہ کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق علاج کیا جائے گا ۔ بین الاقوامی پروازوں سے دیگر ممالک سے آنے والوں کو ایرپورٹ سے باہر جانے اور انہیں 14 دن تک اپنے آپ کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی جائے گی ۔