لندن : کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے باعث لندن کی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ نے کرسمس پارٹی منسوخ کر دی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سال برطانوی وزیر اعظم کے ڈاؤننگ اسٹریٹ آفس میں کرسمس پارٹی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ حکومت کورونا کے پھیلاؤ سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ بورس جانسن اور ان کے ساتھیوں کو ایک وڈیو سامنے آنے پر سخت تنقید کا سامنا ہے جس میں ان کے ساتھیوں کو 2020ء کے کرسمس لاک ڈاؤن کے دوران ڈاؤننگ اسٹریٹ پارٹی کے بارے میں ہنستے اور مذاق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب کہ اس وقت برطانیہ میں تقریبات پر مکمل پابندی تھی۔ دوسری جانب برطانوی ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ اومی کرون پھیلنے کی شرح برقرار رہی تو رواں ماہ کے آخر تک10 لاکھ سے زائد شہری اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔