واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے عوام سے بوسٹر شاٹ سمیت ویکسین کا کورس مکمل کرنے اور ماسک لگانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کا نیا ویرینٹ اومی کرون تشوش کا سبب تو ہے لیکن اس سے دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے سامنے آنے کے پس منظر میں امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکی شہریوں سے کہا کہ انہیں دہشت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وائٹ ہاوس میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کا وائرس امریکہ بھی پہنچے گا، لیکن امریکی شہریوں کی حفاظت کے لیے منظور شدہ ویکسین اور بوسٹر شاٹ جیسی جن چیزوں کی ضرورت ہے وہ موجود ہیں۔صدر بائیڈن کا تاہم کہنا تھا کہ وہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاون پر غور نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، “جب اومی کرون آئے گا، اور یہ آئے گا تو امریکہ اس کا مقابلہ کرے گا۔ جیسے اس نے اس سے قبل آنے والے خطرات کا مقابلہ کیا ہے۔ ” انہوں نے کہا کہ پانچ برس سے زیادہ عمر کے تمام افراد ویکسین کا کورس مکمل کریں اور جنہوں نے چھ ماہ قبل ویکسین کا کورس مکمل کر لیا ہے وہ بوسٹر شاٹ لگوائیں۔ انہوں نے عوام سے گھروں میں بھی ماسک پہننے کی اپیل کی تاکہ “ملک معمول کے راستے پر اپنا سفر جاری رکھ سکے۔”انہوں نے کہا کہ اگر’’لوگ ویکسین لگوالیں اور ماسک پہنیں تو کسی لاک ڈاون کی ضرورت نہیں پڑے گی‘‘۔