مرکز کی گائیڈ لائینس پر عمل کرنے کی ہدایت، سال نو تقاریب میں مداخلت سے انکار
حیدرآباد 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں کورونا صورتحال پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی ۔ ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کی کووڈ گائیڈ لائینس پر عمل آوری کیلئے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے سال نو کے موقع پر بار اور پپس کے اوقات میں اضافہ کیا ہے۔درخواست گزار نے دہلی اور مہاراشٹرا کی طرز پر تحدیدات عائد کرنے کی اپیل کی۔ ہائی کورٹ نے واضح کردیا کہ وہ سال نو کی تقاریب پر تحدیدات کے معاملہ میں کوئی مداخلت نہیں کریگی۔ پولیس کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جاچکے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ریاست کی صورتحال کے مطابق پولیس نے سال نو کی تقاریب کیلئے گائیڈ لائینس جاری کئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عدالت کو اطلاع دی گئی کہ ریاست میں کورونا کی پہلی خوراک کی ٹیکہ اندازی صد فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ دوسری خوراک کی ٹیکہ اندازی 66 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ سال نو کی تقاریب کے سلسلہ میں کووڈ قواعد کے مطابق تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار نے سال نو کی تقاریب کی اجازت سے متعلق حکومت کے احکامات کالعدم قرار دینے کی اپیل کی اور کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ درخواست گزار نے نئے کیسوں سے نمٹنے کنٹینمنٹ زونس قائم کرنے کی درخواست کی ۔ حکومت کی جانب سے ابھی تک کسی بھی علاقہ میں کنٹینمنٹ زون قائم نہیں کئے گئے ۔ عدالت نے کہا کہ مرکز نے 21 اور 27 ڈسمبر کو ریاستوں کیلئے جو گائیڈ لائین جاری کی ہیں ، ان پر عمل کیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ر