نیویارک۔ امریکی حکومت کے محققین نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے ’اومی کرون ویریئنٹ‘ کے لئے خصوصی ویکسین درکار نہیں ہے۔ محققین ایک مطالعہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچے، جس میں بندروں کو دو مختلف اقسام کے ٹیکے لگائے گئے۔ کچھ کو موڈرنا کے ٹیکوں کی دو خوراکیں دی گئیں اور باقی کچھ کو ’اومی کرون ویریئنٹ‘ سے بچاؤ کے لئے تیار کردہ خصوصی آزمائشی ویکسین لگائی گئی۔ البتہ دونوں سے بچاؤ میں زیادہ فرق سامنے نہیں آیا۔ یہ امر اہم ہے کہ بائیون ٹیک فائزر اور موڈرنا دونوں ہی کمپنیوں نے انتہائی تیزی سے پھیلنے والے ’اومی کرون ویریئنٹ‘ سے بچاؤ کے لئے ایک خصوصی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش شروع کر رکھی ہے، جس کے نتائج سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔