اومی کرون ویرینٹ سے عوام خوفزدہ نہ ہوں: دیاکر راؤ

   

کووڈ قواعد پر عمل آوری میں بچاؤ ممکن، ٹیکہ اندازی پر توجہ کا مشورہ
حیدرآباد۔2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اومی کرون ویرینٹ کے بارے میں خوفزدہ نہ ہوں بلکہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ویرینٹ سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے ہر طرح سے تیاریاں کرلی ہیں اور عوام کو ویرینٹ کے پھیلاؤ سے روکنے میں کووڈ قواعد پر عمل کرتے ہوئے حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت پر انحصار کئے بغیر عوام کا لاپرواہی کا رویہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ ماسک ، سماجی دوری جیسی کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ کورونا کے ساتھ ساتھ اومی کرون ویرینٹ سے بچاؤ میں ٹیکہ اندازی اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ حکومت نے ٹیکہ اندازی مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر شخص کو سماجی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ویکسین حاصل کرنی چاہئے ۔ دیاکر راؤ جو ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تشکیل دی گئی کابینی سب کمیٹی کے رکن ہیں، مزید کہا کہ حکومت عوام کی مدد سے اومی کرون پر قابو پائے گی ۔ پنچایت راج ، دیہی ترقی ، بلدی نظم و نسق ، صحت اور تعلیم جیسے محکمہ جات باہم اشتراک کے ذریعہ کام کریں گے ۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ ہم احتیاطی تدابیر کے ذریعہ کسی بھی وائرس اور ویرینٹ کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ وائرس سے بچاؤ خود عوام کے ہاتھ میں ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کووڈ قواعد کے ساتھ صحت و صفائی کا خاص طور پر خیال رکھیں۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ عوام میں معمولی علامات کی صورت میں فوری علاج کا آغاز کریں۔ جس طرح گزشتہ کورونا وباء کے دوران فرنٹ لائین واریئرس نے خدمات انجام دی تھیں ، اسی طرح پھر ایک مرتبہ چوکسی کی ضرورت ہے۔ ر