اومی کرون ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ میں سخت چوکسی کی ضرورت

   

آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے ویرینٹ اومی کرون سے نمٹنے کیلئے ہنگامی منصوبہ تیار کیا جائے کیونکہ یہ ویرینٹ مختلف ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پروفیشنل کانگریس کے صدر ڈاکٹر پی شراون کمار ریڈی اور سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نئے مہلک ویرینٹ کے بارے میں ماہرین اور سائینسدانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس ویرینٹ کے پھیلنے کی رفتار کورونا سے کہیں زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے ذریعہ اس ویرینٹ کا پتہ چلانا مشکل ہے جبکہ کوویڈ میں یہ ٹسٹ اہمیت کا حامل تھا۔ پروفیشنلس کانگریس نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی کہ ساؤتھ افریقہ، بلجیم، بوسوانا ، ہانگ کانگ، اسرائیل اور نیدر لینڈ سے آنے والے افراد کیلئے 14 دن کا کورنٹائن لازمی قرار دیا جائے۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کو ہنگامی طور پر ایکشن پلان تیار کرنا ہوگا۔ر