ماسک کے عدم استعمال پر 1000 روپئے جرمانہ ، بیرونی مسافرین پر گہری نظر، احتیاطی تدابیر سے بچاؤ ممکن: ڈاکٹر سرینواس راؤ
تین ماہ تک ماسک کے استعمال کا مشورہ، ہر شخص کو ویکسین کی دونوں خوراک لینی چاہئے
حیدرآباد۔2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے نئے اومی کرون ویرینٹ کے بارے میں عوام کو باخبر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی وقت یہ ویرینٹ پھیل سکتا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں اومی کرون ویرینٹ جس تیزی سے پھیل رہا ہے ، یقینی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ اس کے ہندوستان میں نمودار ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سرینواس راؤ نے کہا کہ یہ ویرینٹ ڈیلٹا ویرینٹ سے 6 گنا زیادہ طاقتور ہے اور تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل برطانیہ سے آنے والی 35 سالہ خاتون مسافر کے معائنہ میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ اسے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس گچی باؤلی میں شریک کرتے ہوئے علاج کیا جارہا ہے ۔ بیرونی مسافر کے نمونے مزید جانچ کیلئے روانہ کئے گئے ہیں۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ جانچ کے نتیجہ میں اس بات کا پتہ چلے گا کہ یہ واقعی اومی کرون ویرینٹ ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ویرینٹ کی شدت ڈیلٹا سے 6 گنا زیادہ ہے جس کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ تین دنوں میں یہ ویرینٹ تین ممالک سے بڑھ کر 24 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں اومی کرون کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے تفصیلی طور پر عہدیداروں سے مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس نئے خطرہ سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور عوام کو اس معاملہ میں حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ قواعد پر پابندی کرتے ہوئے اس ویرینٹ سے بچا جاسکتا ہے ۔ سرینواس راؤ نے کہاکہ عوام کو ماسک کے استعمال ، سماجی فاصلہ اور ویکسین کے حصول پر توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔ حکومت نے 31 ڈسمبر تک ہر شہری کو ویکسینیشن کا نشانہ مقرر کیا ہے اور محکمہ صحت کے علاوہ بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کو اس کام میں مشغول کیا گیا ہے۔ سرینواس راؤ نے واضح کیا کہ تلنگانہ میں کورونا قواعد کے معاملہ میں کوئی نرمی نہیں دی گئی ہے۔ عوام کے لئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا اور عدم استعمال کی صورت میں 1000 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کل برطانیہ اور سنگا پور سے 325 مسافرین پہنچے، ان میں سے 239 کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ ان تمام کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا جن میں برطانوی خاتون کا ٹسٹ پازیٹیو رہا۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ کورونا وباء سے ملک کو مکمل نجات نہیں ملی ہے۔ ایسے میں عوام احتیاطی تدابیرکے ذریعہ نئے ویرینٹ سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں تقریباً 25 لاکھ سے زائد افراد نے کورونا کی دوسری خوراک حاصل نہیں کی ہے جن میں سے 15 لاکھ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہیں۔ تلنگانہ میں 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراک دستیاب ہے۔ دونوں خوراک حاصل کرنے سے وائرس سے بچاؤ ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماسک کے عدم استعمال پر پولیس کی جانب سے ایک ہزار روپئے چالان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 تا 3 ماہ ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر کے ذریعہ امکانی تیسری لہر سے نمٹا جاسکتا ہے ۔ ر