نئی دہلی : عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون جو یورپ میں پھیل چکی ہے، ہندوستان میں بتدریج غلبہ پارہی ہے۔ اس کا اشارہ خود برسراقتدار بی جے پی نے دیا ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی الیکشن انچارج گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج کہا کہ بی جے پی ورچول ریالی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مغربی بنگال الیکشن کیلئے ورچول ریالیاں منعقد کرچکے ہیں۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے کئی ریاستوں میں رات کا کرفیو لگایا جاچکا ہے اور دیگر سخت تر تحدیدات خارج از امکان نہیں ہیں۔ آئندہ سال کا سب سے بڑا الیکشن اترپردیش کے اسمبلی انتخابات ہیں جہاں یوگی حکومت رات کا کرفیو نافذ کرچکی ہے۔ الیکشن کمیشن دو تین ماہ میں اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاستوں کے دورہ پر ہے۔ کمیشن مرکزی ہیلتھ سکریٹری کیساتھ ربط میں ہے اور تمام امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کمیشن امکان ہے یوپی، اتراکھنڈ ،گوا، پنجاب اور منی پور میں منعقدشدنی اسمبلی انتخابات کیلئے تواریخ کا آئندہ ماہ کے اوائل اعلان کرے گا۔ اومی کرون شدت پکڑنے پر روایتی انتخابی مہم ختم کی جاسکتی ہے اور مزید بگاڑ پر دستوری متبادل کا جائزہ بھی لیا جاسکتاہے۔