اومی کرون کے مریضوں کو آکسیجن یا وینٹیلیٹر کی ضرورت نہیں

   

چیسٹ ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں 60 کورونا کے مریض زیر علاج ، دیگر مریضوں کا گھریلو قرنطینہ
حیدرآباد۔28 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اومی کرون کے مریضوں کو آکسیجن یا وینٹیلیٹر کی ضرورت نہیں پڑرہی ہے۔ شہر حیدرآباد میں موجود چیسٹ ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں مجموعی اعتبار سے 60 کورونا وائرس کے مریض زیر علاج ہیں لیکن ان میں سے کسی کو بھی تاحال آکسیجن کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی ہے جبکہ کنگ کوٹھی دواخانہ میں کورونا وائرس کا گوشہ بنائے جانے کے ایک ہفتہ گذرنے کے باوجود ایک بھی مریض کو شریک نہیں کیا گیا ہے بلکہ جو مریض کورونا وائرس کے شکار ہونے کی توثیق ہورہی ہے انہیں کٹس حوالہ کرتے ہوئے گھریلو قرنطینہ کا مشورہ دیا جا رہاہے اور اگر گھر میں کسی اور میں علاما ت پائی جارہی ہیں تو ایسی صورت میں ان کے معائنوں کے بجائے انہیں بھی ادویات دیتے ہوئے ان کا علاج کیا جا رہاہے۔ سرکاری دواخانوں کے سرکردہ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ادویات کے مثبت اثرات کے سبب مریض کافی جلد صحت یاب ہونے لگے ہیں۔ فیور ہاسپٹل میں موجود 20 کورونا وائرس کے مریضوں کے متعلق سپرنٹنڈنٹ دواخانہ ڈاکٹر کے شنکر نے بتایا کہ ان میں سے کسی کی بھی حالت تشویشناک نہیں ہے بلکہ تمام مریضوں میں علامات موجود ہیں اور ان کے پاس قرنطینہ کی سہولت نہ ہونے اور ان کی صحت کی نگہداشت کے لئے دواخانہ میں شریک رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیلٹا کے متاثرین کو تین دن گذرنے کے ساتھ ہی شریک دواخانہ کرنے کی نوبت آرہی تھی اور انہیں سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ ساتھ پھیپڑوں میں خرابی کی شکایات کا سامناتھا لیکن اومی کرون کے متاثرین کو ایسی کوئی شکایات نہیں ہیں بلکہ وہ اندرون 5یوم مکمل طور پر صحت مند ہونے لگے ہیں۔ ڈاکٹرمحبوب خان سپرنٹنڈنٹ چیسٹ ہاسپٹل نے بتایا کہ چیسٹ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی مکمل جانچ کے بعد اس بات کا انکشاف ہورہا ہے کہ ان کے اعضائے رئیسہ پر کورونا وائرس کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے جبکہ ڈیلٹا کے دوران کورونا وائرس کا اثر نہ صرف اعضائے رئیسہ بلکہ خون پر بھی ہونے لگا تھا ۔انہوںنے بتایا کہ چیسٹ ہاسپٹل میں جن مریضوں کو شریک کیا گیا ہے ان میں اکثر مریضوں کی صحت مستحکم ہے اور کسی بھی مریض کو اب تک آکسیجن کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی بلکہ وہ مکمل طور پر صحت مند محسوس کر رہے ہیں۔ ڈاکٹراین ناگیندر سپرنٹنڈنٹ دواخانہ عثمانیہ نے بتایا کہ کنگ کوٹھی دواخانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے علحدہ گوشہ بنائے جانے کے بعد 15 ڈاکٹرس کی ٹیم کو اس گوشہ کے لئے تعینات کیا گیا ہے اور علامات کے ساتھ دواخانہ پہنچنے والوں کا ریاپڈ اینٹی جین معائنہ کیا جا رہاہے لیکن پازیٹیو پائے جانے والے مریضوں کو کٹس حوالہ کرتے ہوئے گھر جانے کی اجازت دی جارہی ہے ۔ ریاست کے بیشتر سرکاری دواخانوں میں شریک مریضوں میں بڑی تعداد کو آکسیجن اور وینٹیلیٹرس کی ضرورت محسوس نہیں ہورہی ہے جو کہ اس لہر کے دوران ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے لئے خوش آئند ثابت ہورہا ہے۔م