اومی کرون کے 5 مریضوں کی حالت تشویشناک

   

کوئی ہندوستانی شامل نہیں ۔ موثر علاج کیلئے حکومت کی ہدایت
حیدرآباد۔21 ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اومی کرون کے 20 مریضوں میں 5کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس و گاندھی ہاسپٹل میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں اب تک جو اومی کرون مریض پائے گئے ان میں جن مریضوں کی حالت تشویشناک ہے وہ کینسر کے علاوہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس سے متاثرہ ہیں ۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ کینسر کے علاوہ ایسے مریضوں کو جو شوگر‘ بلڈ پریشر اور دیگر خطرناک امراض کا شکار ہیں کورونا کی صورت میں ان کا علاج مشکل ہوتا ہے اسی لئے انہیں آئی سی یو میں رکھا جا رہاہے۔ جن مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اس کی وجہ محض کورونا نہیں بلکہ مختلف بیماریوں کے علاوہ کورونا رپورٹس میں تاخیر ہے ۔ جن کی حالت تشویشناک ہے ان میں ہندستانی شہری شامل نہیں ہیں بلکہ بیرونی شہری ہیں اور ڈاکٹرس کو علاج کے دوران بات چیت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔بیشتر مریض ڈاکٹرس کی زبان سمجھ نہیں پا رہے ہیں اور مریضوں کی زبان سے ڈاکٹرس ناواقف ہیں۔ بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ڈاکٹرس اور گاندھی ہاسپٹل عملہ کو تاکید کی گئی کہ وہ مریضوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیں اور بہتر علاج کو یقینی بنائیں ۔ ڈاکٹرس کے مطابق حکومت سے اومی کرون کو پھیلنے سے روکنے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن جینوم کی ترتیب کی جانچ میں تاخیر کے سبب مریض کی حالت میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے۔ 20اومی کرون مریضوں میں 5 کے علاوہ مابقی مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور ان میں کسی قسم کی علامات اب تک نہیں پائی گئی ہیں جس سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ ذیابیطس ‘ بلڈ پریشر‘ کینسر کے علاوہ دیگر امراض میں مبتلاء مریضوں کو اومی کرون تیزی سے متاثر کر رہی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے ذرائع نے بتایا کہ جن مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان کے رشتہ داروں اور احباب سے رابطہ کو یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔م