نئی دہلی، 4ستمبر (آئی این ایس) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اونم اور میلاد النبی کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے ۔ اونم پر اپنے مبارکبادی پیغام میں، دروپدی مرمو نے کہا، “اونم کے پرمسرت موقع پر، میں تمام شہریوں، خاص طور پر ہندوستان اور بیرون ملک میں مقیم کیرالا کے بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ نئی فصل کی خوشی کے موقع پر منایا جانے والا اونم کا تہوار، کیرالا کی شاندار ثقافتی وراثت کی ایک منفرد مثال ہے ۔ ثقافتی اور مذہبی عقائد کا یہ تہوار ہمارے کسانوں کے لیے اظہار تشکر کا موقع بھی ہے ۔انہوں نے کہاko اس موقع پر، ہم اپنے ثقافتی تنوع کا احترام کرنے اور قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کا عہد کریں۔میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے مبارکبادی پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ پیغمبر محمد اکرمؐ کے یوم ولادت کو میلاد النبیؐ کے طور پر منایا جاتا ہے ، میں تمام ہم وطنوں بالخصوص اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر محمد کریم ﷺ نے اتحاد اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیا۔