اونگول میں قبائلی نوجوان کو پیشاب پلانے کا سنگین واقعہ

   

Ferty9 Clinic

9 ملزمین میں 6 کی گرفتاری۔ تین نابالغ لڑکے بھی شامل
حیدرآباد ۔20۔ جولائی (سیاست نیوز) مدھیہ پردیش میں دلت نوجوان پر بی جے پی لیڈر کی جانب سے پیشاب کرنے کے دل دہلادینے والے واقعہ کے بعد آندھراپردیش کے اونگول ٹاؤن میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا ۔ اونگول میں 26 سالہ قبائلی نوجوان کے منہ میں پیشاب کیا گیا جس کے لئے 9 افراد ذمہ دار قرار دیئے گئے جن میں 3 نابالغ لڑکے شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمین نے شراب نوشی کے بعد قبائلی نوجوان کو دور دراز مقام لے جاکر لاٹھیوں سے حملہ کیا اور اس کے منہ میں پیشاب کیا ۔ ایک ملزم نے سارے واقعہ کو ریکارڈ کرتے ہوئے سوشیل میڈیا اور دوستوں میں وائرل کیا ۔ اگرچہ یہ واقعہ 29 جون کو پیش آیا لیکن ایک ماہ بعد ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے کارروائی کی ۔ اس واقعہ کے نتیجہ میں قبائلی عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ پولیس نے ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے 6 ملزمین کو حراست میں لے لیا جبکہ 3 مفرور بتائے جاتے ہیں۔ مزید گرفتاریوں کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ قبائلی نوجوان نے ایک ملزم کی سابقہ گرل فرینڈ سے روابط قائم کرنے کی کوشش کی جس پر برہم ہوکر حملہ کیا گیا ۔ر