طویل عرصہ سے منتظر اولیائے طلبا کی بیانرس کے ذریعہ عازمین حج سے دعاؤں کی اپیل
حیدرآباد ۔19 ۔ جون(سیاست نیوز) حکومت اور منتخبہ عوامی نمائندوں سے نمائندگیوں میں ناکامی کے بعد اوورسیز اسکالر شپس کے منتظر طلبہ کے والدین اور سرپرستوں نے عازمین حج سے اپیل کی ہے ۔ حج ہاؤز میں بیانر کے ساتھ کھڑے ان بیانرس پر عازمین حج سے اپیل تحریر تھی کہ وہ ان کے مسائل کے حل بالخصوص اوورسیز اسکالرشپس کی اجرائی کیلئے دعاء کریں۔ محکمہ اقلیتی بہبود ؤ ڈائرکٹوریٹ محکمہ اقلیتی بہبود سے اوورسیز اسکالر شپس کی اجرائی میں ٹال مٹول ّے پریشان اولیائے طلبہ و سرپرستوں نے کئی مرتبہ حکومت و منتخبہ عوامی نمائندوں سے نمائندگی کی تھی اور قائد ایوان مقننہ جناب اکبر الدین اویسی نے اس مسئلہ کو ایوان میں بھی اٹھایا لیکن حکومت سے اب تک رقومات کی اجرائی نہیں کی گئی ۔ اولیائے طلبہ و سرپرستوں نے سابق میں احتجاج بھی کیا تھا لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ آج اولیائے طلبہ و سرپرستوں نے عازمین حج سے اپیل کے بیانر پکڑے حج ہاؤز میں جمع ہوئے جہاں عازمین حج نے بیانر تھامے کھڑے اولیائے طلبہ و سرپرستوں کو تیقن دیا کہ وہ ضرور ان کے مسائل کے حل کیلئے دعاء کریں گے۔ احتجاجی والدین و سرپرستوں نے بتایا کہ حج ہاؤز میں نصب بیانرس کے ذریعہ پارٹی قائدین اپنی حکومت کی بڑائی کر رہے ہیں اور کئی دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن جو حقیقت ہے وہ عازمین کے سامنے لائی جانا ضروری ہے تاکہ مسلمانوں کو مشکلات میں مبتلاء کرنے والوں کی صرف تعریف و توصیف نہ کی جائے بلکہ حقائق کو منظرعام پر لایا جائے۔ ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس بھی کل حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہونے والے ہیں ۔ اوورسیز اسکالر شپس کا انتظار کر رہے طلبہ و سرپرستوں نے ان سے بھی اپیل کی کہ وہ سفر حج میں دیار غیر میں مشکلات کا شکار ان طلبہ کو بھی اپنی دعاؤوں میں شامل رکھیں جو حکومت کی نااہلی و عہدیداروں کی لاپرواہی کے سبب مشکلات کا شکار ہیں۔مظاہرین والدین اور سرپرست چند ہی منٹوں میں حج ہاؤز میں موجود عازمین حج کے علاوہ عہدیدارو ںکی توجہ کا مرکز بن گئے اور عہدیداروں کے علاوہ عازمین نے ان سے مسائل کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے علاوہ ان کے احتجاج سے اظہار یگانگت کیا۔م