اسمبلی میں ریاستی وزیر لکشمن کمار کا انکشاف، کے ٹی آر نے بقایہ جات کی اجرائی کا مطالبہ کیا
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) وزیر بہبودی ایس سی طبقات اے لکشمن نے کہاکہ تلنگانہ میں 2023ء سے امبیڈکر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت تقریباً 2 ہزار طلبہ کو فائدہ پہونچا ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران اسمبلی میں کے ٹی آر اور سی پی آئی رکن سامبا سیوا راؤ کے سوال کے جواب میں ریاستی وزیر نے بتایا کہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم پر حکومت نے تاحال 607 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت بیرونی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے غریب خاندانوں کے طلبہ کی تعلیمی فیس ادا کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اوورسیز اسکالرشپ کی اجرائی بند ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بیرونی ممالک میں مقیم طلبہ اِس سلسلہ میں اُن سے رجوع ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 2 برسوں کے بقایہ جات فوری جاری کئے جائیں۔ سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ ایس سی اور ایس ٹی طلبہ کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے۔ ریاستی وزیر لکشمن نے بتایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس حکومت نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اسکیم کے تحت فائدہ پہونچ رہا ہے۔ لکشمن کمار نے اوورسیز اسکالرشپ کے بقایہ جات کی جلد اجرائی کا تیقن دیا۔1