اوورسیز اسکالرشپ درخواستوں کے ادخال کی آج آخری تاریخ

   

حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹرس اوورسیز اسکالرشپ اسکیم برائے اقلیتی طبقات کے لئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ کل 30 جون ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے یکم جون سے اسپرنگ سیزن 2025 کے لئے درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی تھی۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی کورسیس کی تکمیل کے لئے تعلیمی امداد دی جاتی ہے۔ دو اقساط میں 20 لاکھ روپے کے علاوہ یکطرفہ سفری کرائے کے طور پر 60 ہزار روپے دیئے جاتے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور، جرمنی، ساؤتھ کوریا، جاپان، فرانس اور نیوزی لینڈ کی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ شرائط کی تفصیلات ویب سائٹ www.telanganaepass.cgg.gov.in پر دستیاب ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے اسپرنگ سیزن 2025 کے لئے درخواستیں طلب کی ہیں جو 30 جون کی شام 5 بجے تک آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ دستاویزات کی جانچ کے دوران اگر نقلی یا فرضی دستاویزات پائے گئے تو کریمنل ایکشن لیا جائے گا۔ اقلیتی طبقہ کی جانب سے آخری تاریخ میں توسیع کی درخواست کی جارہی ہے تاہم محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ 1