حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے بیرونی ممالک میں اقلیتی طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالر شپ سے متعلق چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 25 ستمبر تک توسیع کی ہے۔ پرنسپل سکریٹری و کمشنر اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی ہے۔ اوورسیز اسکالر شپ کیلئے 22 اگسٹ سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا اور 21 ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی۔ اسپرنگ سیزن 2023 کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال میں سنٹر فار گڈ گورننس میں ٹیکنیکل خرابی کے سبب تقریباً چار دن تک درخواستوں کا ادخال ممکن نہ ہوسکا۔ تکنیکی خرابی کے سبب عوام کو سہولت فراہم کرنے کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں چار دن کی توسیع کرتے ہوئے 25 ستمبر شام 5 بجے تک ادخال کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ سید عمر جلیل نے اقلیتی طلبہ سے اس سہولت سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اوورسیز اسکالر شپ کیلئے تاحال ریاست بھر سے 600 سے زائد آن لائن درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ اسکالر شپ کیلئے انجینئرنگ اور پوسٹ گریجویشن میں امیدواروں کو 60 فیصد نشانات کے ساتھ دیگر دستاویزات داخل کرنے ہوں گے۔ درخواست گذار طلبہ کے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی 5 لاکھ روپئے ہونی چاہیئے۔ جن ممالک کی یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کیا جاسکتا ہے ان میں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کنیڈا ، سنگا پور، فرانس، جرمنی، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ آن لائن درخواستیں ویب سائیٹ www.telanganaepass.cgg.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ اسنادات کے تین زیراکس کاپیز کے سیٹ30 ستمبر شام 5 بجے تک متعلقہ ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفس میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ اسی دوران پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود نے اسکالر شپ کی منظوری کیلئے درمیانی افراد کی جانب سے بھاری رقومات کی وصولی کے خلاف سخت کارروائی کرنے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کی ملی بھگت سے درمیانی افراد امیدواروں سے دو تا پانچ لاکھ روپئے کی مانگ کررہے ہیں اور رقم حاصل کرتے ہی ان کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہوتا۔ حج ہاوز نامپلی میں بھی درمیانی افراد سرگرم ہیں اور حال میں 4 افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا گیا۔